• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 173283

    عنوان: حکومت کی سکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے صدیقی كو كلال لكھوانا؟

    سوال: حضرت میرا سوال یہ ہے کہ ہمارے والد مرحوم اپنے آپ کو صدیقی ذات کا بتائے تھے اسی وجہ سے ہم بھی اپنے آپ کو صدیقی ذات کا مانتے ہیں اور حکومت ہندوستان کے نزدیک صدیقی ذات اونچی مانی جاتی ہے اس لئے اس ذات کے لوگو کو فائدہ نہیں ملتے ۔ اب مسئلہ یہ ہوا کے والد مرحوم کے انتقال کے وقت ہم چھوٹے تھے تو ہمارے ما مو ہمیں اپنے ساتھ اپنے گھر لے اے اور یہاں اُنہوں نے ہماری ذات صدیقی کے بجائے کلال لکھائی جو کہ حکومت ہند کے نزدیک چھوٹی ذات ہے اس لئے ہمیں حکومت کہ طرف سے فائدہ بھی ہوا لیکن اب دل میں شبہ آ رہا ہے کہ کیا ہماری تنخو حرام تو نہیں ہوگی؟ رہبری فرمائیں۔

    جواب نمبر: 173283

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:68-17/sd=2/1441

    صورت مسئولہ میں اگرآپ کے ماموں نے ذات کے سلسلے میں جھوٹ اور کذب بیانی سے کام لیا ہے ، تو انھوں نے ایک ناجائز کام کا ارتکاب کیا، جس پر توبہ استغفار ضروری ہے، باقی اگر آپ کی ملازمت چھوٹی ذات کی بناء پر لگی ہے، تو ملازمت کی تنخواہ کو حرام نہیں کہا جائے گا بشرطیکہ آپ کے ذمہ جو کام سپرد کیا گیا ہے ، آپ کے اندر اس کی اہلیت موجود ہو اور چھوٹی ذات کی طرف انتساب کی وجہ سے اگر سرکار کی طرف سے مزید کچھ منافع حاصل ہوتے ہوں، تو اس سے انتفاع جائز نہیں ہوگا، اس لیے کہ سرکار کی طرف سے یہ منافع چھوٹی ذات والوں کے لیے مختص ہیں اور آپ حقیقت میں اس کے مستحق نہیں ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند