• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 171383

    عنوان: معاوضہ علی التراویح کی خاص شکل

    سوال: معاوضہ علی التراویح کا مطالعہ کرنے کے بعد درج ذیل دو باتیں معلوم ہوئی؛ (۱) اگر حافظ اور کمیٹی کے درمیان پہلے سے معاملہ طے ہو تو (اجرت ہونے کی رو سے) ناجائز ہے۔ (۲) اگر معاملہ پہلے سے طے نہ ہو اور کمیٹی اپنی خوشی سے ختم پر جو بھی دے تو وہ بھی(المعروف کالمشروط ہونے کی رو سے) نا جائز ہے۔ اب مندرجہ ذیل صورت حال ملاحظہ فرمائیں...... زید ایک جگہ تراویح سناتا ہے، وہاں اجرت یا کسی قسم کا کوئی معاملہ پہلے سے طے نہیں ہے البتہ ختم پر دینے کا رواج ہے، زید کے منع کرنے کے باوجود کمیٹی والے نہیں مانتے اور ہدیہ ضرور دیتے ہیں، زیادہ انکار کرنے کی صورت میں وہ لوگ ناراض ہوجاتے ہیں۔ پچھلے ۳ یا ۴ سالوں سے ایسا ہورہا ہے کہ کمیٹی کا ایک ممبر خود اپنی طرف سے رمضان کے بیچ میں ہی (تقریباً ۱۷ یا ۱۸ رمضان کو ختم سے پہلے) ہدیہ دیتا ہے جو ختم کے دن دی جانے والی رقم سے الگ ہے۔ اور یہاں بھی وہی حال ہے کے انکار کرنے کی صورت میں وہ ناراض ہوجاتا ہے بلکہ یہاں نا راضگی کا پہلو زیادہ ہے کیوں کہ اب معاملہ ذاتی ھے۔ اب مندرجہ ذیل سوالات کے جوابات مطلوب ہیں۔(۱) کیا بیچ رمضان میں ایک فرد کی طرف سے دی جانے والی رقم بھی نا جائز ہے ؟ (واضح رھے کہ پچھلے ۳ یا ۴ سالوں سے ایسا ہورہا ہے) (۲) اگر بیچ رمضان میں ختم سے پہلے کمیٹی کی طرف سے ہدیہ مل جائے تو کیا لینا جائز ہے ؟ (۳) زید اگر کمیٹی والوں کی ناراضگی کے سبب اگر یہ رقم لے لے تو کیا ان پیسوں کو اپنے ذاتی استعمال میں خرچ کرسکتا ہے ؟ (۴) کیا یہ پیسے اُسی طرح حرام ہیں جیسا کہ سود حرام ہے ؟ اگر نہیں تو اس رقم کا شرعی حکم کیا ہے ؟ (۵) اس رقم کا مصرف کیا ہے ؟ براہِ کرم اس سوال کے سارے جزئیات کا مدلل اور واضح جواب دیکر شکریہ کا موقعہ عنایت فرمائیں۔

    جواب نمبر: 171383

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1002-846/D=10/1440

    (۱) ایک فرد کی طرف سے خفیةً درمیان ماہ میں ہدیہ لینے میں حرج نہیں کہ اس میں قرائن سے ہدیہ کا پہلو غالب ہے۔

    (۲) کمیٹی جو رقم دے گی اگر مسجد کی جمع رقم سے دے گی تو اسے مسجد کے فنڈ سے ہدیہ دینے کا اختیار نہیں، اور اگر الگ سے اس کے لئے چندہ کرے گی تو کس نام سے چندہ کرے گی؟ ختم قرآن کے نام سے چندہ کرنا بھی ناجائز ہے۔

    (۳) اوپر (2) میں ذکر کردہ تفصیل سے کمیٹی والوں کے لئے دینا ہی جائز نہیں ہوا تو زید کے لئے اس کا استعمال کیسے جائز ہوگا، واپس کردے۔

    (۴) سود کی طرح حرمت قطعی تو نہیں لینے دینے کی مختلف صورتوں میں عدم جواز کا پہلو جس قدر قوی یا کمزور ہوگا اس اعتبار سے حکم میں بھی شدت اور خفت ہوگی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند