• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 171341

    عنوان: آن لائن آرڈر پر دوسرا كھانا آگیا‏، شكایت پر انھوں نے پیسے زیادہ كركے واپس كیے اور كھانا بھی مجھے دیدیا‏، كیا اس كا استعمال میرے لیے درست ہے؟

    سوال: میں نے ایک ایپ سے آن لائن کھانا منگایا ۲۰۰ روپئے کا ، لیکن میرے پاس جو میں نے منگایا تھا وہ نہیں آیاکوئی اور سا کھانا آگیا ، اب میں نے ایپ والوں سے بات کی تو انہوں نے میرے ایپ میں ۲۵۰ روپئے کریڈٹ کردیا اور جو کھانا آیا تھا وہ بھی مجھے دیدیا ، اب کیا یہ کھانا اور جو کریڈٹ ہوا ہے وہ حلال ہے یا حرام ؟ اور مجھے کیا کرنا چاہئے؟

    جواب نمبر: 171341

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1373-1175/L=11/1440

    اگر خود کمپنی کے مالک یا ایسے شخص نے جس کو ہوٹل کے مالک نے مکمل اختیار دیدیا ہو کھانا آپ کو دیدیا ہے تو اس کھانے کااستعمال کرنا اور جورقم واپس کی ہے اس کو اپنے استعمال میں لانا جائز ہوگا ،اور اگر محض کھانا لے جانے کی پریشانی کے سبب ہوٹل کے کسی کارکن نے کھانا آپ کو دیدیا ہو ،مالک کی طرف سے اس کی اجازت نہ ہو تو پھر آپ کو چاہیے تھا کہ وہ کھانا کسی غریب کو دیدیتے اور اگر کھالیا ہے تو اتنی رقم کسی غریب کو صدقہ کردیں ۔رقم کا استعمال آپ کے لیے جائز ہے، البتہ زائد پانچ روپئے کمپنی کو واپس کردیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند