• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 170997

    عنوان: طلباء وطالبات کے پروگرام کو مستورات کو دکھانے کے لیے اسکرین لگانا؟

    سوال: امید ہے کہ مزاجِ گرامی بعافیت ہوں گے، ہمارے یہاں منظم مکتب دینیات کے سالانہ جلسوں و دیگر پروگراموں میں مکتب کے طلباء و طالبات کے پروگرام مستورات کو دکھانے کیلئے پروجیکٹر (اسکرین) لگائی جاتی ہے ۔ اور یہ عمل ہر مکتب کے ہر بڑے چھوٹے پروگرام میں ہوتا ہے ۔ کیا ازروئے شرع طلباء و طالبات کیلئے یہ عمل درست اور جائز ہے؟ اس مسئلہ کا حل فرماکر ممنون ومشکور فرمائیں۔

    جواب نمبر: 170997

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1107-1017/L=10/1440

    طلباء وطالبات کے پروگرام کو مستورات کو دکھانے کے لیے اسکرین لگانے میں دوخرابیاں ہیں ایک یہ کہ بعض علماء کی تحقیق کے مطابق اس میں تصویر کشی پائی جاتی ہے اور اسکرینر پہلے تصویر بناتا ہے پھر اس کو آگے بڑھاتا ہے اور دوسری خرابی یہ کہ اگر اس پروگرام میں بالغ طلبہ یا مرد ہیں توبہت سے علماء کی رائے کے مطابق جس طرح مرد کا عورت کو دیکھنا جائز نہیں ،اسی طرح عورت کا مرد کو دیکھنا بھی جائز نہیں،مذکورہ بالا دونوں خرابیوں کے پیشِ نظر طلبہ وطالبات کے پروگرام کو دکھانے کے لیے پروجیکٹر(اسکرین) کا استعمال درست نہیں ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند