• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 170631

    عنوان: کمانے کے لیے محنت و کوشش جائز طریقے پر ضروری ہے

    سوال: میں جاننا چاہتاہوں کہ کیا ایک مسلمان بہت پیسہ کمانے کی چاہت رکھ سکتاہے اور اس پر محنت کرسکتاہے؟ بنا اسلام کے ضابطے کی خلاف ورزی کے، پانچوں وقت کی نماز کی پابندی وغیرہ کے ساتھ؟ کیا کسی مسلمان کی ایسی نیت جائز ہے؟ براہ کرم، جواب دیں۔

    جواب نمبر: 170631

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:809-768/sd=11/1440

    اپنے اور اپنے اہل عیال کی ضرورت کے بقدر کمانے کے لیے جائز طریقے پر محنت و کوشش کرنا ضروری ہے، بلکہ حدیث میں ارکان اسلام کی ادائے گی کے بعد اس کو فرض قرار دیا گیا ہے اور ضرورت کا معیار یہ ہے کہ کھانے پینے اور رہن سہن سے متعلق بنیادی ضروریات اسراف سے بچتے ہوئے اور دوسروں کی محتاجگی کے بغیر پوری ہوجائیں ؛ لیکن زیادہ مال کمانے کی حرص خدائے تعالی سے غافل کرنے والی اور اس کی کثرت گناہوں میں مبتلا کرنے والی ہے، اس لیے ایک مسلمان کو زیادہ مال کے پیچھے نہیں پڑنا چاہیے، اگر شرعی احکام کی پابندی کے ساتھ زیادہ مال میسر آنے کی شکل بن جائے، تو مضائقہ نہیں ؛ لیکن حساب سے بچنے کے لیے غریبوں، ضرورت مندوں اورخیر کے کاموں میں خرچ کرنا چاہیے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند