• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 168162

    عنوان: کمپنی میں پندرہ ہزار روپے جمع کرکے ہرماہ تین ہزار روپے بطور منافع ملنے والی رقم كا حكم؟

    سوال: بخدمت حضرات مفتیان کرام بعد السلام، کچھ مسائل پوچھنے ہیں امید ہے کہ ان شائاللہ تسلی بخش جواب دیکر ممنون ومشکور ہوں گے ۔ مسئلہ(۱ میں نے ایک کمپنی میں 15000 پندرہ ہزار روپئے دیئے اور کمپنی کی طرف سے ہر مہینہ مجھے 3000 ہزار روپئے ملتے ہیں اس سے زیادہ یا کم نہیں ملتے اور یہ منافعہ کمپنی دس مہینے تک دیتی ہے پھر بند ہوجاتا ہے اور اپنا رأس المال جو میں نے لگایا ہے 15000 وہ واپس نہیں ملتا تو کیا یہ صورت جائز ہے ؟ مسئلہ (۲ -ایک کمپنی میں پیسے ڈالنے ہے اور کمپنی والا کہتا ہے کہ ہمارا کاروبار حلال طرقہ سے ہو رہا ہے ،لیکن ہم نے اسکی جانچ نہیں کی،سیدھے پیسے ڈال دئیے ،اور ہم کو معلوم بھی نہیں کہ وہ حلال کا کاروبار کر رہا ہے کہ حرام کا تو اس صورت میں ہمیں کیا کرنا چاہئے ؟ مہربانی کرکے رہبری فرمائیں۔

    جواب نمبر: 168162

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:440-401/sn=6/1440

    (۱) کمپنی میں پندرہ ہزار روپے جمع کرکے ہرماہ تین ہزار روپے بطور منافع کے ملنا، یہ معاملہ شریعت کی رو سے ناجائز ہے، رقم فکس کرکے شرکت یا مضاربت کا معاملہ کرنا جائز نہیں ہے، پس پندرہ ہزار سے زائد جو رقم ملے گی وہ بلاشبہ سود ہوگی۔

    (۲) کسی کمپنی میں پیسے لگانے کے لیے نفع ونقصان سے متعلق شرعی اصول کی روشنی میں واضح طور پر معاملات طے کرنا ضروری ہے، محض یک مشت رقم دے کر نفع حاصل کرنا جائز نہیں ہے، پس صورت مسئولہ میں کمپنی میں پیسے لگانے سے پہلے نفع اور نقصان کے حوالے سے جو معاملات طے ہوں، اُس کی تفصیل لکھ کر شرعی حکم معلوم کرلیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند