• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 164943

    عنوان: یو ٹیوب میں غلط ٹیگ کا استعمال

    سوال: آج کل دنیا بھر میں یو ٹیوب استعمال کرنے والوں کی تعداد اربوں میں ہے ، یو ٹیوب پر لاکھوں لوگوں کے چینل بنے ہوئے ہیں جن پر لوگ ویڈیو اپلوڈ کرکے پیسہ کماتے ہیں میرا سوال اس کی کمائی کو لیکر نہیں ہے اس لیے کہ وہ بلا شبہ ناجائز ہے ۔سوال یہ ہے کہ جب کوئی بھی شخص یو ٹیوب پر اپنی ویڈیو اپلوڈ کرتا ہے تو یو ٹیوب اس کو اس بات کا اختیار دیتا ہے کہ تم اس ویڈیو کو کس کس نام سے سرچ کرانا چاہتے ہو ڈال دو، مثلا میں نے ایک ویڈیو میں قربانی کی کھال سے متعلق مسئلہ ڈالا تو اب میں اس پر عنوان صرف 100 لفظوں میں ہی لکھ سکتا ہوں اور لوگ اگر یہی عنوان ڈال کر اس ویڈیو کو تلاش کریں گے تو ملے گی ورنہ نہیں اس لئے یو ٹیوب ایک آفشن دیتا ہے ٹیگس کے نام سے یعنی یعنی کوئی بھی شخص اس ویڈیو کو جن جن ناموں سے سرچ کر سکتا ہے ڈال دو تو مثلا کھال والے مسئلے میں قربانی کے مسائل، قربانی کے احکام، عید الاضحٰی کے مسائل ان ناموں کا ٹیگ لگاتا ہوں۔ اب جس نام سے بھی کو سرچ کرے گا میری ویڈیو اس کو اوپر دکھائی دے گی ، اب بعض لوگ ٹیگس کا غلط استعمال کرتے ہیں تاکہ ان کی ویڈیو زیادہ سے زیادہ لوگ دیکھیں اس کے لیے وہ غلط ٹیگس ویڈیو میں لگاتے ہیں مثلا میں اپنی اس ویڈیو میں کے نام کا ٹیگ لگاؤں تو جب بھی کوئی یو ٹیوب پر لکھے گا تو میری وہ ویڈیو جو کھال کے مسئلے سے متعلق تھی اوپر لسٹ میں آئے گی۔ اب دریافت طلب أمر یہ ہے کہ کیا اپنی ویڈیو کو زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے تاکہ زیادہ لوگ ہماری ویڈیو سے فائدہ اٹھا سکے اس طرح کے ٹیگس لگانا جائز ہے یا نہیں؟ نوٹ:بندہ ویڈیو میں کسی بھی قسم کی فوٹو گرافی نہیں کرتا ہے صرف ایک پھول یا کا فوٹو لگاکر آڈیو استعمال کرتا ہے ۔اگر صورت مسئولہ میں کوئی پیچیدگی معلوم ہو تو مزید وضاحت کے لیے بندہ کے موبائل نمبر 9997861026 پر رابطہ کریں۔

    جواب نمبر: 164943

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1363-281T/SN=1/1440

    ”یوٹیوب“ میں ویڈیو اَپ لوڈ کرکے جو لوگ پیسہ کماتے ہیں انہیں بالعموم کسی نہ کسی مرحلے میں ناجائز فعل (مثلاً تصویر کشی، تصویر کو فروغ دینا، حرام و ناجائز کاروبار وغیرہ کی تشہیر وغیرہ) کا ارتکاب کرنا پڑتا ہے، اور ظاہر ہے کہ محض پیسہ کمانے کے لئے اس طرح کے ناجائز کام کا ارتکاب شرعاً جائز نہیں ہے؛ باقی تصویر ذی روح اور ناجائز چیز سے خالی ویڈیو افادہٴ عام کے لئے یوٹیوب میں اَپ لوڈ کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے، جائز ہے؛ لیکن اس کے لئے ایسا نام استعمال نہ کرنا چاہیے جس کا اس ویڈیو سے کوئی تعلق نہ ہو، یہ ایک خلاف واقعہ امر کا اظہار ہے؛ لہٰذا صورت مسئولہ میں آپ اپنی ویڈیو کے لئے ”دارالعلوم “ کاٹیگ استعمال نہ کریں، جس مضمون پر ویڈیو مشتمل ہو صرف اس سے متعلق الفاظ و ناموں کا استعمال کریں۔ اگر آپ دارالعلوم کے فاضل ہیں توویڈیوز میں اپنے نام کے ساتھ اس کا اظہار کرسکتے ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند