• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 157739

    عنوان: فاسٹ ٹریک سسٹم کے ذریعہ ڈگری حاصل کرنا اور اس سے ملازمت اختیار کرنا؟

    سوال: حضرت، میں نے ۲۰۰۷ء میں میکینکل انجینئرنگ میں ڈپلومہ کیا ہے اور ۱۰/ سال سے انجینئرنگ کی لائن میں نوکری کرتا ہوں۔ مجھے ڈیڈٹینس ایجوکیشن (didtance education) سے ڈگری حاصل کرنی ہے جو ملازمت کے ساتھ ساتھ کرسکتا ہوں۔ میرا سوال یہ ہے کہ فاسٹ ٹریک سسٹم سے ڈگری سرٹیفکیٹ حاصل کرسکتا ہوں، کیا یہ جائز ہے؟ جس کی تفصیل یہ ہے کہ تین سال کی ڈگری کی مارک شیٹ اور سرٹیفکیٹ تین مہینہ میں ملتی ہے۔ تین سال کی پوری فیس؛ اور صرف ایک امتحان ہوتا ہے۔ یہ آفر ڈپلومہ اور اس کے تجربہ کی بنیاد پر یوجی سی (UGC) کی منظور شدہ یونیورسٹی کی طرف سے ہوتا ہے۔ اس سے میرا فائدہ یہ ہے کہ مجھے تین ماہ میں ڈگری سرٹیفکیٹ ملے گی جو اعلیٰ پوزیشن کے لیے لگتی ہے اور اچھی بڑی کمپنی ایم این سی (MNC) میں درخواست دینے کے لیے اس کی ضرورت (لازمی) ہے۔ برائے مہربانی اس کا مجھے جواب دیں اور اگر اس سے زیادہ تفصیل کی ضرورت ہے تو مجھے بتائیں۔ ان شاء اللہ میں آپ کو بھیجوں گا۔ نوٹ: میری ملازمت کے کام میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

    جواب نمبر: 157739

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:397-359/M=4/1439

    جو ڈگری تین سال میں ملتی ہے اسے فاسٹ ٹریک سسٹم کے ذریعہ تین ماہ میں حاصل کرنا اگر قانون کی نظر میں جرم نہیں اور جس ادارے سے حاصل کرنا ہے اس کے ضابطے کی خلاف ورزی بھی نہیں پائی جاتی اور اس کے حصول کے لیے رشوت اور کذب بیانی کا ارتکاب بھی نہیں پایا جاتا ہے تب تواس طریقے پر ڈگری حاصل کرسکتے ہیں اوراس سے ملازمت اختیار کرسکتے ہیں لیکن اگر اس طرح ڈگری حاصل کرنا قانوناً جرم ہے یا اس کے حصول کے لیے محظور شرعی کا ارتکاب لازم آتا ہے تو مذکورہ سسٹم کے ذریعہ ڈگری حاصل کرنا جائز نہ ہوگا البتہ اس بنیاد پر اگر جائز کام کی ملازمت مل جائے اور آپ متعلق کام کو امانت داری کے ساتھ انجام دیں تو آمدنی پر حرام وناجائز کا حکم نہیں ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند