• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 157543

    عنوان: ٹی وی کے لیے ایپ بنانا جائز ہے یا نہیں؟

    سوال: عرض خدمت یہ ہے کہ میں ایک سافٹ ویر انجینئر ہوں،میرا ایک آفس ہے ،جس میں بائیس ۲۲ انجینئر کام کرتے ہیں،میرا کام موبائل کے لیے ایپس بنانا ہے ۔ میرا ایک سوال یہ ہے کہ میرے پاس ایک تاجر آئے ،جن کی تجارت ائی پی ٹی وی چلانا ہے ،یعنی وہ انٹرنیٹ کے ذریعہ ٹی وی چلاتے ہیں،انھوں نے ،ٹی وی کا ایک ایپ بنانے کا مجھے آرڈر دیا ہے ،اس سلسلے میں چند سوالات حل طلب ہیں: ۱)کیا میرے لیے ،اَی پی ٹی وی کا ایپ بنانا جائز ہے ؟کیا اس پر ملنے والی آمدنی میرے لیے حلال ہوگی؟ ۲)میں خود یہ ایپ نہ بناکر،دوسرے کے ذریعہ بناوٴں،اور کچھ نفع کے ساتھ، اس کو فروخت کردوں تو کیا یہ نفع میرے لیے حلال ہے ؟ ۳)اَی پی ٹی وی ایپ بناکر،اب تک جو آمدنی مجھ کو حاصل ہوئی ہے ،اس کا کیا حکم ہے ؟ ۴)اگر میں اس اَی پی ٹی وی کمپنی میں نوکری کرکے ،آمدنی حاصل کروں تو کیا یہ میرے لیے جائز ہے ؟ براہ کرم ان سوالات کے جوابات،کتاب وسنت کی روشنی میں عنایت فرمائیں۔

    جواب نمبر: 157543

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:439-417/L=4/1439

    (۱تا۴) ٹی وی کا بالعموم ناجائز استعمال ہوتا ہے اس لیے ٹی وی کے لیے ایپ بنانا جائز نہیں اور نہ ہی اس میں ناجائز کاموں کی ملازمت جائز ہے ،اور جس چیز کا خود استعمال جائز نہ ہو اس کا دوسرے کو حکم کرکے اس سے کمیشن لینا بھی جائز نہیں، اگر اس طرح کا کام کرکے رقم حاصل کی گئی ہو تو اس رقم کو فقراء وغیرہ پر صدقہ کردیا جائے۔قال اللہ تعالی:﴿ ولا تعاونوا علی الإثم والعدوان﴾(سورة المائدة،رقم الآیة: ۲) لما فیہ من الإعانة علی مالا یجوز، وکل ما أدی إلی ما لا یجوز لا یجوز (الدر المختار مع رد المحتار عن شرح الوھبانیة، کتاب الحظر والإباحة، فصل في اللبس ۹:۵۱۸، ط: مکتبة زکریا دیوبند)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند