• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 154869

    عنوان: كرایے پر دیے جانے والے كمروں میں ٹی وی كی سہولت فراہم كرنا كیسا ہے؟

    سوال: حضرت، ایک سوال کا جواب چاہئے ، ہمارا تعلق شہر حیدرآباد سے ہے ، آج کل یہاں پر ہوسٹل کا کاروبار کافی اچھا چل رہا ہے ، کمپیوٹر کمپنیزکی وجہ سے ، ہمارا ارادا ہے ہم بھی ایک عمارت جس میں پچیس تیس روم ہو کرائے پر لے کر ہوسٹل چلائیں، ہوسٹل کے ہر کمرہ میں ٹی وی اور وائی فائی کی سہولیات فراہم کرنا ضروری ہوتا ہے ۔ اس طرح ٹی وی کی سہولت فراہم کرنے کی گنجایش ہے یا نہیں۔ جزاک اللہُ خیرًا

    جواب نمبر: 154869

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:10-15/H=2/1438

    ٹی وی اور اِس جیسے آلات عامةً برائیوں اور گناہ کے کاموں میں استعمال ہوتے ہیں اپنے اپنے گھر میں تو کچھ حرام پروگراموں پر کسی درجہ میں آدمی پابندی لگاسکتا ہے لیکن کرایہ پر جن لوگوں کو کمرے دیئے جائیں گے ان پر تو آپ کسی قسم کی پابندی نہ لگاسکیں گے بلکہ تمام کرایہ دار ہر پروگرام کے چلانے اور دیکھنے دکھانے میں آزاد ہوں گے اگرچہ کاروبار تو اچھی خاصی آمدنی کا ذریعہ ہے مگر وإثمہما أکبر من نفعہما (سورة البقرة پ۲) کا مصداق ہوگا اس لیے جائز نہیں پس ٹی وی لگانے کا ارادہ ترک ہی فرمادیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند