• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 154645

    عنوان: فوٹو کھینچنا حرام ہے یا نہیں؟

    سوال: حضرت، میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ فوٹو کھینچنا حرام ہے یا نہیں؟ مطلب آج کل اکثر علماء بھی اپنا فوٹو کھینچ کر فیس بک اور وہاٹ شاپ وغیرہ پر اَپ لوڈ کرتے ہیں، اس سے عوام صحیح اور غلط کا فیصلہ نہیں کر پاتی۔ مہربانی کرکے تسلی بخش جواب عنایت فرمائیں۔

    جواب نمبر: 154645

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1506-1448/H=1/1439

    (۱) احادیث صحیحہ صریحہ سے فوٹو کھینچنا کھچوانا بغیر ضرورت شدیدہ کے حرام ہونا ثابت ہوتا ہے جواہر الفقہ میں اس کے متعلق مستقل ایک رسالہ ہے جس میں دلائل کو جمع کردیا ہے اس کا مطالعہ بیحد مفید ہوگا ان شاء اللہ تعالی۔

    (۲) ممکن ہے بغیر ان علماء کی اجازت و رضاء کے کسی نے کھینچ کر ان کا فوٹو عام کردیا ہو یا کسی نے وہاٹ شاپ پر لوڈ کردیا ہو وغیرہ جیسے امور محتمل ہیں جن علماء کرام کے فوٹو آپ نے دیکھے ہیں او روہ علمائے اہل حق میں سے ہیں ان سے تحریری یا زبانی رابطہ کرکے اگر اتنا معلوم کرلیں کہ میں اللہ پاک کے خوف اور گناہ کی وجہ سے اپنا غیر ضروری فوٹو نہیں کھچواتا نہ دوسروں کے کھینچتا ہوں اسی میں اپنی دنیا و آخرت کی سعادت سمجھتا ہوں میرا (محمد بشرکا ) یہ عمل آپ حضرات علماء کرام کی نظروں میں درست ہے یا نہیں؟ جو جواب علماء کرام ارشاد فرمادیں بس اسی کے موافق اپنا عمل اپنا کر عذاب و وبال سے اپنے آپ کو بچائے رکھیں اہل حق علماء کرام کا جواب ان شاء اللہ فیصلہ کرنے میں ممدو معاون ثابت ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند