• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 154568

    عنوان: یوٹیوب پر کوئی ویڈیو اپلوڈ كركے پیسے كمانا؟

    سوال: میں یوٹیوب اکاؤنٹ (youtube accoun) استعمال کررہاہوں اور میں اس کو انکم ذرائع کے طورپر استعمال کررہاہوں، اس میں ایسا ہوتاہے کہ جب میں یوٹیوب پر کوئی ویڈیو اپلوڈ کرتاہوں تو اس میں اشتہار کے ذریعہ پیسہ ملتاہے ، اگر کوئی میری ویڈیو کو تلاش کرتاہے یا اس کو دیکھتاہے تو ویڈیو چلنے سے پہلے یوٹیوب کوئی اشتہار دکھاتاہے اور اس اشتہار پر یوٹیوب پیسہ کماتاہے اور یوٹیوب مجھے اپنی کمائی میں سے چالیس فیصد پیسہ مجھے دیتاہے، سوال یہ ہے کہ کیا اس طرح کی آمدنی حلال ہے ؟

    جواب نمبر: 154568

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1433-1465/N=2/1439

    یوٹیوب اکاوٴنٹ انکم ذریعہ کے طور پر درج ذیل شرائط کی رعایت کے ساتھ استعمال کرسکتے ہیں اور ان شرائط کی رعایت کی صورت میں حاصل ہونے والی انکم بھی شرعاً جائز ہوگی:

    (۱): آدمی اپنے یوٹیوب اکاوٴنٹ پر جو ویڈیوز ڈالے، ان میں کسی جان دار کی تصویر نہیں آنی چاہیے، صرف کسی عمارت،درخت یا للھی ہوئی چیزوغیرہ کی تصویر ڈالی جائے۔

    (۲): یوٹیوب اکاوٴنٹ پر ( جان دار کی تصاویر سے خالی) جو ویڈیوز ڈالی جائیں، وہ صرف جائز ومفید معلومات پر مشمل ہوں، ناجائز یا فضول ولایعنی چیزوں پر مشتمل نہ ہوں۔

    (۳):اور اگر ویڈیوز میں کسی کاروبار یا اسکیم کے بارے میں معلومات فراہم کی گئی ہو تو وہ کاروبار یا اسکیم بھی شریعت کی نظر میں جائز ہونی چاہیے۔

    (۴): آدمی یوٹیوب کمپنی کو اپنے اکاوٴنٹ کی ویڈیوز پر کوئی اشتہار ڈالنے کی اجازت نہ دیں؛ کیوں کہ اجازت کی صورت میں یوٹیوب کمپنی ہر طرح کے جائز وناجائز اشتہارات ڈالتی ہے ؛ اس لیے آدمی صرف اپنے اکاوٴنٹ کی جائز ویڈیوز کے ذریعہ انکم حاصل کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند