• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 150699

    عنوان: انڈیا میں موجود بڑے مذبحہ خانے بڑے کاگوشت ہو یا مرغی کا کیا سب حلال ہیں؟

    سوال: انڈیا میں موجود بڑے مذبحہ خانے بڑے کاگوشت ہو یا مرغی کا کیا سب حلال ہیں؟ اور کیا علماء حضرات میں سے کوئی جاکر ان کا معائنہ کرکے ان کو حلال سرٹیفیکٹ بھی دیتا ہے ؟ بعض جو بڑے مذبحہ خانے ہیں وہ ہندوں کے ہیں تو ہاں کیا انتظام ہے ؟ کیا انڈیا میں ایسے علماء کا کوئی گروپ ہے جو اس کا انتظام کرتا ہے کہ جا کے ان مذبحہ خانے کو چیک کرے چاہے وہ مسلمانوں کے ہوں ہو یا ہندوں کے ؟ خاص طور جو ہندوں کی کمپنی ہے اور یہ لوگ عرب ممالک میں گوشت بھیجتے ہیں جیسے کہ al-kabeer export pvt ltd, Arabian export pvt ltd,M.K.R frozen food exports pvt ltd, P.M.L industries pvt ltd. اس طرح اور ہوتے ہوں گے ، اب ہمیں کیسے پتا چلے گا کہ یہ حلال؟ آپ کے ہاں کوئی نظام ہے ان مذبحہ خانوں کو جاکر معائنہ کرکے حلال سرٹیفیکٹ دینے کا؟ یا ہمیں ان چیزوں کے کھانے سے رک جانا چاہیے ؟ امید ہے ،میرے سوال کا جلد سے جلد جواب دیا جائے گا۔

    جواب نمبر: 150699

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1055-993/L=8/1438

    بعض ممالک میں تو اس کا اہتمام ہے کہ علماء کی جماعت باقاعدہ معاینہ کے بعد حلال سرٹیفکٹ دیتی ہے؛ اس سلسلے میں حضرت مفتی تقی عثمانی دامت برکاتہم نے فقہی مقالات کی چوتھی جلد میں بڑی تفصیلی بحث کی ہے اس کا مطالعہ کرلیا جائے، ہندوستان میں علماء کے کسی ایسے گروپ کا ہمیں علم نہیں ہے، جو باضابطہ مذبح خانے کو چک کرکے حلال سرٹیفکٹ دیتے ہوں؛ البتہ جمعیة علمائے ہند نے بعض مذبح خانوں میں اپنے کارندے رکھے ہیں جو پوری صورت حال کا جائزہ لیتے ہیں اور پھر جمعیة کی طرف سے حلال سرٹیفکٹ دیا جاتا ہے؛ لیکن وہ مذبح خانے کتنے ہیں اور سرٹیفکٹ دینے کے بارے میں ان کے یہاں شرائط کیا ہیں اس کا ہمیں تفصیلی علم نہیں ہے۔ اس سلسلے میں جمعیة سے ہی رجوع کرنا بہتر ہے۔ واضح رہے کہ چونکہ ذبیحہ کا مسئلہ نازک ہے؛ اس لیے جب تک یقینی ذرائع سے ذبیحہ کے حلال ہونے کا علم نہ ہوجائے اس وقت کھانے سے احتراز کرنا چاہیے، گوشت کے پیکٹ ”الحلال“ وغیرہ لکھا ہوا ہونا کافی نہیں۔

    نوٹ: مزید تفصیل کے لیے فقہی مقالات جلد رابع کا مطالعہ کیا جائے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند