• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 149785

    عنوان: راشن کا کام کرنا کیسا ہے ؟

    سوال: ہمارے یہاں راشن کا کام ہوتا ہے جس میں ہم وہاں سے گیہوں، چاول چینی تیل لاتے ہیں اس میں جو بچ جاتا ہے اسے زیادا دام میں بیچ دیتے ہیں۔

    جواب نمبر: 149785

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 591-630/sd=7/1438

    راشن ڈیلر سستی اشیاء حکومت سے خریدکر عوام کو سستے نرخ پر فروخت کرنے کا لائسنس یافتہ معتمد اور وکیل ہوتا ہے، اگر راشن ڈیلر کواُس کے حلقہ کے راشن پانے والے افراد کے حساب سے راشن کا کوٹہ تقسیم کرنے کے لئے دیا جاتا ہے، اور اُس کی ذمہ داری یہ ہوتی ہے کہ راشن کے ہر حق دار کو اُس کے آنے پر مقررہ قیمت کے مطابق اُسے راشن فراہم کرے ؛ توراشن ڈیلر کے لئے یہ ہرگز جائز نہیں ہے کہ وہ راشن لینے والوں کے مطالبات باقی رہ جانے کے باوجود اُن کے نام پر آئے ہوئے حصہ کو دوسرے لوگوں کے ہاتھ فروخت کرے ؛ البتہ اگر راشن ڈیلر نے برابر راشن کی تقسیم جاری رکھی، تاآنکہ راشن کا اگلا کوٹہ ملنے کا وقت آگیا اور کچھ لوگ اِس دوران اپنا حصہ لینے نہیں آئے، جس کی وجہ سے کوٹہ باقی رہ گیا، تو اَب اگر راشن ڈیلر کو سرکار کی طرف سے اختیار ہے کہ اِس باقی ماندہ راشن کو کسی بھی قیمت پر جس کو چاہے فروخت کردے ؛ تو اس کے لیے باقی راشن کو زیادہ دام پر فروخت کرنا جائز ہوگا، لہذا صورت مسئولہ میں اگر حکومت کی طرف سے آپ کو اس کا اختیار ہے کہ بچے ہوئے راشن کو جس قیمت پر چاہے فروخت کر دیں، تو آپ کے لیے بچے ہوئے راشن کو زیادہ دام پر فروخت کرنا جائز ہوگا، ورنہ نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند