• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 148370

    عنوان: موبائل کال ریکارڈ کرنا؟

    سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے کرام ومفتیان عظام مسائل ذیل کے بارے میں؛ ۱۔موبائل میں آنے اور جانے والی کالز کو ریکارڈ کرنا کیسا ہے ؟ ۲۔جس تقریب میں بفے کا انتظام ہو اسمیں شرکت کرنا کیسا ہے ؟ ۳۔اور شادی میں شرکت کے لئے دوسرے شہر سفر کرکے جانا کیسا ہے ؟۔ برائے کرم جلد از جلد مدللّ جواب تحریر فرمائیں۔

    جواب نمبر: 148370

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 587-621/L=5/1438

    (۱) آپس میں جو بات چیت ہوتی ہے وہ امانت ہے؛ اس لیے بلا اجازت آنے اور جانے والی کال کو ریکارڈ کرنا درست نہیں لأن المجالس بالأمانة اور کال کو ریکارڈ کرکے اس کو عام کرنا صریح خیانت ہے خاص طور پر جب کہ بات ایسی ہو جو پوشیدہ رکھنے کی ہو اور بات کرنے والا مخاطب کو امین سمجھ کر اس سے اپنی دل کی بات کہہ رہا ہو۔

    (۲) ”بفے سسٹم“ (جس میں لوگ کھڑے کھڑے کھاتے ہیں) یہ یہود ونصاری فساق و فجار کا طریقہ ہے اس طور پر کھانا اسلامی طریقہ نہیں ہے جس تقریب میں اس طور پر کھانے کا انتظام ہو اس میں شرکت سے احتراز کرنا چاہئے۔

    (۳) اگر شادی میں محظورات شرعیہ کا ارتکاب نہ ہوتا ہو تو فی نفسہ ایسی شادیوں میں سفر کرکے شرکت کرنا مباح ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند