• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 148365

    عنوان: کمپیوٹر کے سافٹ ویئر وغیرہ کاپی کرکے استعمال کرنا؟

    سوال: میرا تعلق پاکستان سے ہے ۔ پاکستان میں عموماً کمپیوٹر کیلئے جومائیکروسافٹ ونڈوز استعمال کی جاتی ہے وہ سی ڈی یا ڈی و ڈی کی شکل میں ملتی ہے جو تیس سے ساٹھ روپے کی ہوتی ہے جس کے ریپر پر ونڈوز کیز (windows keys)درج ہوتی ہیں۔ جن سے ونڈوز ایکٹیو ہو جاتی ہے ۔یا سی ڈی ،ڈی وی ڈی کے اندر ایکٹیویٹر پروگرام موجود ہوتا ہے جو کچھ میں خود بخود انسٹال ہو جاتا ہے اور کچھ ونڈوز میں خود کوانسٹال کرنا پڑتا ہے یا انٹرنیٹ سے ایکٹیویٹر ڈاؤن لوڈ کرکے انسٹال کیا جاتا ہے (جو کہ فری ہوتا ہے )جس سے ونڈو زایکٹیویٹ ہو جاتی ہے ۔اس طر ح ونڈوز کے لئے بہت ہی کم رقم (تیس ، پچاس روپے )خرچ کرنا پڑتی ہے ۔ حالانکہ مائیکر سافٹ کی طرف سے ونڈوز کی قیمت بیس ،پچیس ہزار روپے میں ہے ۔یہ پتا نہیں ہے کہ وہ سی ڈیز اوریجنل ونڈوز کی ہیں یا اوریجنل کی کاپی ہیں یا چوری شدہ ہیں ۔ ۲۔ بعض اوقات ونڈوز کا سیٹ اپ(ISO image )انٹر نیٹ سے ڈاؤن لوڈ کیا جاتا ہے ۔ جس کے ساتھ ایکٹیویٹر پروگرام بھی ہوتا ہے جس کو ونڈوز انسٹال کرنے کے بعد خود انسٹال کرنا پڑتا ہے جس سے ونڈوز ایکٹیویٹ ہو جاتی ہے ۔ یا ونڈوز کسی ایک ویب سائیٹ سے ڈاؤن لوڈ کی جاتی ہے ۔ اور ایکٹیویٹر پروگرام کسی اور ویب سائیٹ سے ڈاؤن لوڈ کیا جاتا ہے تاکہ ونڈوز کو ایکٹیو کیا جاسکے ۔یہ طریقہ بالکل ہی فری ہے (صرف انٹرنیٹ استعمال کرنے کے پیسے لگتے ہیں) کیونکہ ان سائیٹس پر ونڈوز اور ایکٹیویٹر پروگرام فری دستیاب ہیں(جیسے Torrentsسائیٹس وغیرہ)۔جبکہ مائیکروسافٹ کی ویب سائیٹ پر یا تو ٹرائل ورژن(جوکہ عموماًایک ماہ کا) ہوتا ہے یا پھر رقم دے کر ونڈوز خریدی جا سکتی ہے ۔اور جبکہ ایکٹیویٹر پروگرام سے یہی ونڈوز فری میں ایکٹیویٹ کی جاسکتی ہے ۔ اور ایکٹیویٹر پروگرام انسٹال ہونے کے بعد مائیکروسافٹ کچھ نہیں کہتا۔یعنی اپنی رقم کا مطالبہ نہیں کرتا۔ اور نہ ہی کبھی یہ میسج آتا ہے کہ آپ کی ونڈوز دو نمبر ہے یا غلط طریقے سے ایکٹیویٹ کی گئی ہے ۔ ۳۔ بالکل ایسا ہی طریقہ مائیکروسافٹ آفس یا کسی اور پروگرام کے ساتھ کیا جاتا ہے ۔کیا یہ طریقہ استعمال کرنا جائز ہے یا ناجائز ہے اور یہ طریقہ استعمال کرکے کمپوزنگ کے ذریعے اپنے کمپیوٹر پر رقم کمانا کیسا ہے ؟ اور اسی طرح پروگراموں کو استعمال کرکے ذاتی مقصد کیلئے کمپیوٹر رکھنا کیسا ہے ؟ اگر ناجائز ہے تو کیا کرنا چاہئے جبکہ مائیکروسافٹ کو ونڈوز کی اصل قیمت ادا نہیں کی جا سکتی۔

    جواب نمبر: 148365

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 509-712/sn=7/1438

    مائکرو سافٹ ونڈوز، مائکرو سوفٹ آفس اسی طرح دیگر پروگراموں کو کاپی کرکے یا کسی اور ذریعے سے کارآمد بناکر استعمال کرنے کی گنجائش ہے اور یہ طریقہ استعمال کرکے کمپوزنگ کے ذریعے رقم کمانے کی بھی گنجائش ہے؛ کیوں کہ ان چیزوں کو بنانے والی کمپنیوں کے طرزِ عمل سے استعمال کی (خصوصاً غیر تجارتی مقصد سے) دلالةً اجازت معلوم ہوتی ہے اگرچہ بعض پروگراموں میں کاپی رائٹ محفوظ ہونے کی بات لکھی ہوتی ہے؛ لیکن یہ محض خانہ پر معلوم ہوتی ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند