• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 146724

    عنوان: اسکول کے پرنٹر کا ذاتی استعمال؟

    سوال: ایک گورنمنٹ سکول میں کمپیوٹر ٹیچر اور کمپیوٹر لیب کا انچارج ہوں- لیب میں پرنٹر دفتری کا موں کے لیے سکول کے فنڈ (جو کے بچوں کی فیس سے جمع ہوتا ہے ) سے خریدا گیا ہے اور اس کی سیاہی اور کاغذ سکول کے فنڈ سے ہی خریدے جاتے ہیں- سربراہ ادارہ اور اساتذہ بھی اپنی ملازمت کے متعلقہ پرنٹ نکلواتے رہتے ہیں اور بعض اوقات ملازمت سے ہٹ کربازار سے نکلوانے کی بجائے پیسے بچانے کے لئے اپنے ذاتی اور رشتہ داروں کے پرنٹ نکلواتے ہیں۔ 1- کیا سکول کے فنڈ سے لیے گئے پرنٹر سے اساتذہ کا اپنی ملازمت یا ذاتی پرنٹ نکلوانا ٹھیک ہے ؟ 2- اگر سربراہ ادارہ کی اجازت ہو تو ہر قسم کے پرنٹ نکال سکتے ہیں کہ نہیں؟ 3- اگر سربراہ ادارہ کی اجازت نہ ہو تو پھر؟- 4- کیا سربراہ ادارہ اپنے ذاتی استعمال کے پرنٹ نکلوا سکتا ہے ؟ 5- کیا بچوں کی انفرادی ضرورت کا پرنٹ نکالا جا سکتا ہے ؟ 6- کسی دوسرے گورنمنٹ یا پرائیویٹ ادارے کو پرنٹ نکال کر دیئے جا سکتے ہیں؟ برائے مہربانی ان سوالوں کے جواب جلد از جلد بتائیں۔

    جواب نمبر: 146724

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 109-046/SN=2/1438

    (۱تا ۶) اسکول کا پرنٹر ظاہر ہے کہ اسکول کی انتظامی ضرورت کے لیے خریدا گیا ہوگا؛ لہٰذا جو چیزیں اسکول کی ضرورت کے تحت نہیں آتیں ان کے لیے اسکول کا پرنٹر استعمال کرنا شرعاً جائز نہ ہوگا مثلاً ذاتی پرنٹ، ذاتی نوعیت کے ملازمت سے متعلق پرنٹ، بچوں کی انفرادی ضرورت کا پرنٹ، کسی دوسرے ادارے کا پرنٹ اور یہ حکم (عدمِ جواز) عام اسٹاف اور سربراہِ ادارہ ہر ایک کے لیے ہے اگر سربراہِ ادارہ اجازت دیدے تب بھی اس کی گنجائش نہیں ہے الا یہ کہ وہ (سربراہِ ادارہ) متعلقہ محکمہ کی طرف سے اس کا مجاز ہو۔

    نوٹ: بہتر ہے کہ ممکنہ ضرورتوں کی تفصیل لکھ کر متعلقہ محکمہ سے منظوری حاصل کرلی جائے پھر اسی کے مطابق عمل درآمد کیا جائے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند