• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 131079

    عنوان: مسجد شرعی میں کمائی کرنا؟

    سوال: ہماری مسجد کے امام صاحب نے تقرر کے وقت گاؤں والوں سے مسجد کی عمارت میں ٹیلرنگ (سلائی )کے کام کے لیے اجازت مانگی تھی اور ان کو اجازت دیدی گئی،وہ مسجد کے فرسٹ فلور میں ٹیلرنگ کا کام کرتے ہیں ، اور صرف جمعہ کی نماز کے لئے اس فرسٹ فلور کا استعمال ہوتاہے۔وہ اپنے گاہکوں سے اپنی سروس پر پیسے لیتے ہیں۔ میرا سوال یہ ہے کہ کیا مسجد کے اندر ٹیلرنگ کا کام کرنا شریعت کی روشنی میں جائزہے؟ براہ کرم، جواب دیں۔

    جواب نمبر: 131079

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1169-1207/B37=01/1438

    جو حصہ مسجد کا نماز پڑھنے کے لیے بنایا گیا ہے وہ مسجد شرعی ہے اس حصہ میں کسی کے لیے بھی بیٹھ کر کمائی کرنا جائز نہیں، مسجد کو کمائی کا ذریعہ بنانا مکروہ ہے مسجد کے احترام کے خلاف ہے احادیث میں اس کے بارے میں ممانعت آئی ہے، ہاں اگر عین مسجد کے علاوہ امام صاحب اپنے حجر ہ میں یا اور کسی حصہ میں سلائی کا کام کریں اور اس کی اجرت لیں تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند