• عبادات >> حج وعمرہ

    سوال نمبر: 67799

    عنوان: بار بار خارج ہونے کی وجہ سے میرا وضو زیادہ دیر تک نہیں رہتا اس كا كیا حل ہے؟

    سوال: تقریبا پچھلے 7 سال سے ریح کے بار بار خارج ہونے کی وجہ سے میرا وضو زیادہ دیر تک نہیں رہتا ایسی حالت میں مجھے اپنی قضاء نمازیں کیسی ادا کرنی ہوگی اور اگر یہی صورت میں طواف کے دوران ریح نکلنے سے کیا تو کیا میرا عمرہ فاسد ہو جائے گا ؟

    جواب نمبر: 67799

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 843-843/B=11/1437 اگر اس کثرت سے ریح خارج ہوتی ہے کہ وضو کرکے پاکی کی حالت میں یا وضو کرکے ایک نماز بھی ادا نہیں کرسکتے تو آپ معذور کے حکم میں ہوں گے یعنی اسی ریح کی حالت میں نماز پڑھ لیا کریں نماز صحیح ہو جائے گی۔ البتہ آپ کو ہر نماز کا وقت شروع ہونے کے بعد وضو کرنا پڑے گا۔ وقت کے اندر جتنی چاہیں نمازیں پڑھ سکتے ہیں۔ ادا اور قضاء دونوں نمازیں پڑھ سکتے ہیں، آپ توجہ کے ساتھ کسی اچھے طبیب سے اس کا علاج کرائیں، اور اگر یہ کیفیت نہیں ہے تو آپ کو ریح خارج ہونے پر دوبارہ وضو کرنا ہوگا، آپ معذور شمار نہ ہوں گے، اگر آپ نے غیر معذور ہونے کی حالت میں عمرہ کا طواف کیا اور طواف میں ریح خارج ہوئی تو وضو کرکے دوبارہ طواف کرلینا چاہئے، اگر نہیں کیا تو عمرہ ہو جائے گا مگر اس پر دم واجب ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند