• عبادات >> حج وعمرہ

    سوال نمبر: 612137

    عنوان:

    حالت احرام كے واجبات و ممنوعات

    سوال:

    سوال : مفتی صاحب، حالت احرام میں کن کاموں کا کرنا سنت واجب اور جائز ہے، اور کن چیزوں سے بچنا ضروری ہے، وضاحت فرمائیں ‌۔ جزاک اللہ خیرا احسن الجزاء

    جواب نمبر: 612137

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1249-931/D=11/1443

     واجبات احرام:

    (1)                احرام میقات سے باندھنا۔

    (2)              سلے ہوئے كپڑے كو اتارنا۔

    (3)              ممنوعات احرام سے بچنا۔

    احرام كی سنتیں:

    (1)                تلبیہ پڑھنا۔

    (2)              ایك مرتبہ سے زاید تلبیہ پڑھنا‏، تلبیہ میں آواز كو بلند كرنا‏، تلبیہ ہی سے احرام باندھنا۔

    ممنوعات احرام:

    جماع اور اس كے دواعی كا ذكر كرنا۔ سلے ہوئے كپڑے پہننا۔ خوشبو ملے ہوئے رنگ سے رنگا ہوا كپڑا پہننا۔ سر یا چہرے كا كل یا بعض كا كسی چیز سے ڈھانكنا۔ خوشبو یا مہندی لگانا۔ خشكی كے جانوروں كا شكار كرنا۔ جُوں كھٹمل چیونٹی وغیرہ كو مارنا۔ بدن كے كسی حصے كے بال كاٹنا۔ حدود حرم كی گھاس اور پیڑ كاٹنا۔ بدن كا میل كچیل دور كرنا۔ زیب و زینت اختیار كرنا۔ بلاضرورت بدن كے كسی حصے پر پٹی باندھنا۔ آگ پر پكی ایسی خوشبودار چیز كھانا جس كی خوشبو باقی ہو۔ یہ سب چیزیں حالت احرام میں منع ہیں جن سے بچنا ضروری ہے۔

    مذكورہ امور كے علاوہ جیسے پاكی یا ٹھنڈك حاصل كرنے یا گردو غبار دور كرنے كی خاطر نہانا كپڑے دھونا۔ یا ایسا سرمہ لگانا جس میں خوشبو نہ ہو۔ اور اس جیسے دیگر امور احرام میں جائز ہیں۔ غنیۃ الناسك‏، ص: 107 تا 117۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند