• عبادات >> حج وعمرہ

    سوال نمبر: 610301

    عنوان: چوتھائی سے کم قصر کی صورت میں دم کا مسئلہ اور تعداد یاد نہ ہونے کی صورت میں کیا کیا جائے وغیرہ 

    سوال:

    میں سعودی عرب میں رہتا ہوں، یہاں کے تمام خارجی لوگ عمرہ کرنے جب جاتے ہیں تو عموماً ٹنڈ نہیں کرتے اور اپنے بالوں میں ۳یا ۴ جگہ چھوٹے چھوٹے کٹ لگاتے ہیں جو کہ سر کا ۱/۴ حصہ نہیں ہوتا۔ اور متعدد بار ایسا میں نے بھی کیا ہے؛ کیوں کہ مسٗئلہ کا پتا نہیں تھا، ایک مفتی صاحب سے اس مسئلے کا پوچھا تھا انہوں نے فرمایا تھا کہ دم ہو گیا ہے۔ لیکن اب یاد نہیں کہ کتنی دفعہ میں نے عمرہ کیا ہے اور ۱/۴ حصہ بال کاٹے ہیں؛ کیوں کہ چند عمروں میں میں نے ٹنڈ کیا تھا اور یا بال مشین کیے تھے۔ لیکن اب مجھے یہ نہیں پتا کہ دم کتنی دفعہ ادا کرنا ہوگا ؟ اگر ۱۰ ۔۔ ۱۲ دفعہ دم ہوا ہے تو ۱۰ ۔۔۔۱۲ دم ادا کرنے ہوگے یا صرف ایک ؟ اور کیا وہ دم مکہ میں ہے ادا ہوگا یا کسی دوسری جگہ اس کی ادائیگی ہو سکتی ہے؟ زیادہ دم ادا کرنا بھی مشکل ہے اور گنا ہ سے بھی ڈرتا ہوں، براہ کرم راہ نمائی کریں۔

    جواب نمبر: 610301

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 563-456/H-Mulhaqa=8/1443

     (۱): صورت مسئولہ میں آپ تحری (غور وفکر ) کرکے غلبہ ظن پر عمل کریں، یعنی: آپ نے جتنے عمرے کیے ہیں، اُن میں غور کریں کہ کتنی مرتبہ آپ نے چوتھائی سر سے کم بالوں کا قصر کرایا ہے، جتنی مرتبہ کا غالب گمان ہو، اُتنے دم آپ کو ادا کرنے ہوں گے۔

    (۲):اگر دس، یا بارہ دفعہ کے بارے میں غالب گمان ہوتا ہے تو آپ کو دس یا بارہ دم ادا کرنے ہوں گے، صرف ایک دم کافی نہ ہوگا۔

    (۳):دم کا محل حدود حرم ہے؛ لہٰذاکسی دوسری جگہ دم کی ادائیگی درست ومعتبر نہ ہوگی۔

    (۴):اگر ایک ساتھ کئی ایک دم ادا کرنا مشکل ہو تو ہر دو یا چار کے درمیان وقفہ کیا جاسکتا ہے، یعنی: دو چار دم ادا کرنے کے بعد آیندہ جب پیسے جمع ہوجائیں تو مزید دو، چار دم ادا کردیے جائیں، پھر جب مزید پیسوں کا انتظام ہوجائے تو دیگر دم ادا کردیے جائیں، اس طرح وقفہ وقفہ سے سارے دم ادا کردیے جائیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند