• عبادات >> حج وعمرہ

    سوال نمبر: 60930

    عنوان: حج کے دوران محرم کی موت کی صورت میں بیوی اور بہو کے لئے ارکان حج کی ادائیگی کے بارے میں وضاحت

    سوال: امسال یہ عاجز اپنی اہلیہ، بہو (رشتہ میں ماں کی طرف سے سگی بہن کی بیٹی) اور تین ماہ کی پوتی کے ہمراہ پاکستان سے گورنمنٹ حج سکیم کے تحت عازمِ حج ہے جس کا دورانیہ تقریباً چالیس یوم ہو گا۔ عاجز نے اپنا فرض حج ادا کر لیا ہوا ہے اور اس دفعہ اپنی امّی مرحومہ کی طرف سے حج بدل کا ارادہ ہے ۔ اہلیہ اور بہو صاحب نصاب ہونے کی وجہ سے فرض حج کریں گی۔ بہو کا خاوند (عاجز کا بیٹا) کیونکہ صاحبِ نصاب نہیں اس لئے حج پر نہیں جا رہا۔ پہلا سوال یہ ہے کہ اگر دوران حج اس عاجز کی موت واقع ہو گئی تو اس صورت میں (1) بیوی جو اس کے نتیجے میں عدت میں ہو جائے گی اس کے لئے حج کے باقی ارکان کی ادائیگی کے بارے میں کیا حکم ہو گا؟ جبکہ حج فلائٹس کا معاملہ بھی اختیار میں نہیں ہو گا۔ (2) بہو کے بارے میں کیا حکم ہو گا جو کہ بغیر محرم کے ہو جائے گی؟ دوسرا سوال یہ ہے کی اگر پاکستان میں میرے بیٹے کی موت واقع ہو جاتی ہے تو اس صورت میں بہو کے بارے میں بقیہ ارکان حج کی ادائیگی کے بارے میں کیا حکم ہو گا کیونکہ وہ عدت میں ہو جائے گی؟ جبکہ حج فلائٹس کا معاملہ بھی اختیار میں نہیں ہو گا۔جزاک اللہ خیراً و احسن الجزا

    جواب نمبر: 60930

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1345-1437/L=1/1437-U (۱) (۲) دونوں صورتوں میں معتدہ کو چاہیے کہ اسی حالت میں افعالِ حج ادا کرلے اور عدت کے دوسرے امور مثلاً: زیب وزینت وغیرہ سے احتراز کرے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند