• عبادات >> حج وعمرہ

    سوال نمبر: 608048

    عنوان:

    احرام کی چادریں پہن کر عمرہ نہ کرنے پر دم واجب ہوگا؟

    سوال:

    سوال : میں انڈیا کا رہنے والا ہوں ہو اس وقت مکہ (حدود حرم) سعودی عربیہ میں ہوں ۔جی میرا سوال یہ ہے کہ جمعرات کے دن میرا عمرہ کرنے کا ارادہ تھا۔میں نے ساری تیاری کرلی تھی اور احرام بھی باندھ لیا تھا۔میں مسجد عائشہ کے لئے نکلنے والا تھا۔اس وقت مجھے معلوم ہوا کہ جو بلڈنگ ہماری کمپنی نے ہمیں دیا ہے ۔ وہ خالی ہونا ہے اسی وقت ۔مجبوری میں آ کر کے میں نے اپنا احرام کھول دیا ۔میں نے صرف احرام پہنا تھا ۔نہ میں نے نفل نماز پڑھی تھی اور نہ ہی تلبیہ پڑھا تھا ۔تو آب مجھے کیا کرنا پڑے گا ،کیا دم دینا پڑے گا؟ عمرے کا قضا بھی کرنا پڑے گا؟ برائے کرم رہنمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 608048

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 621-416/H=05/1443

     حدودِ حرم میں مقیمین حضرات اپنی جائے رہائش سے چادریں احرام کی سہولت کی غرض سے پہن لیتے ہیں تاکہ سلے ہوے کپڑوں کو اتار کر ان کو لیے لیے پھرنے اور محفوظ کرنے کی دقت سے بچ جائیں ورنہ وہ عمرہ کی ابتداء مسجد عائشہ یا مسجد جعرانہ ہی میں پہونچ کر نفل پڑھ کر نیت کرکے تلبیہ پڑھ کر کرتے ہیں۔ حاصل یہ کہ اس صورت میں محض چادریں پہن لینے پر احرام میں ہوجانے کا حکم لاگو نہ ہوگا اور آپ پر چادریں اتار دینے اور عمرہ کا ارادہ چھوڑ دینے کی وجہ سے کوئی دم واجب نہ ہوگا اور نہ ہی عمرہ کی قضاء واجب ہے باقی آپ عمرہ کرلیں تو بہتر ہے بالخصوص ایسی صورت میں کہ اللہ پاک نے حدودِ حرم میں رہائش کی سہولت میسر فرما رکھی ہے اگرچہ حدودِ حرم میں مقیمین لوگوں کی میقات بحق عمرہ حدودِ حرم سے باہر مسجد عائشہ و مسجد جعرانہ وغیرہ ہی ہے اور یہ شاید آپ کو معلوم ہی ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند