• عبادات >> حج وعمرہ

    سوال نمبر: 602294

    عنوان:

    کورونا کی وجہ سے حج فرض ادا نہ كیا جاسكے تو حكم ہے؟

    سوال:

    میں نے اس سال کے شروع میں جب حج کی درخواستیں وصول ہو رہی تھیں اپنی ایک زیر استعمال گاڑی فروخت کی، جس کی وجہ سے میں صاحبِ نصاب ہو گیا۔ حج کی درخواست جمع کروائی اور قرعہ اندازی میں نام بھی نکل آیا۔ لیکن کرونا کی وبا کی وجہ سے اس سال حج کی اجازت نہیں دی گئی۔ جس کی وجہ سے وہ رقم واپس کر دی گئی۔ اب کیا یہ حج مجھ پر فرض رہے گا۔ یا چونکہ جانے پر قدرت نہیں تھی (جیسا کہ علماء فرماتے ہیں کہ سواری پر قدرت فرضیتِ حج کیلئے شرط ہے ۔ اور اس سال کورونا کی وجہ سے حج پروازیں معطل رہیں) تو حج فرض ہی نہیں ہوا۔ اب کیا میں اس رقم کو کسی اور ضرورت میں استعمال کرسکتا ہوں۔ جواب مرحمت فرما کر ممنون فرمائیں۔ جزاکم اللہ خیرا

    جواب نمبر: 602294

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 497-363/H=06/1442

     صاحب نصاب ہوجانے سے مراد غالبا حج کی فرضیت کے اعتبار سے صاحب نصاب ہوجانا ہے اور ظاہر بھی یہی ہے۔ حج کا حکم یہ ہے کہ جب ایک مرتبہ فرض ہوجاتا ہے تو پھر ساقط نہیں ہوتا، اگر امسال کورونا کی وجہ سے پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں تو آئندہ حج فرض کی ادائیگی کے لئے رقم کو محفوظ رکھیں تاکہ اداءِ حج میں کچھ دقت نہ ہو، اگر کسی ضرورت میں خرچ کرلیں گے حج تب بھی آپ پر فرض ہی رہے گا، سواری پر قدرت ہمیشہ کے لئے آپ سے فوت نہیں ہوئی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند