• عبادات >> حج وعمرہ

    سوال نمبر: 59793

    عنوان: دوران طواف لیكوریا

    سوال: اگر ایک عورت کو لکوڑیا کی بیماری ہو اور دوران طواف اس کے پاس بچے بھی ہوں تو کیا وہ طواف کو جاری رکھ سکتی ہے؟ یا ہر بار وضو کرنا چاہئے؟ کیوں کہ اکثر بہت بھیڑ کی وجہ سے وضو کے لیے باہر نکلنا بہت مشکل ہوتاہے۔

    جواب نمبر: 59793

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 894-894/M=9/1436-U طواف کے لیے طہارت شرط ہے بے وضو طواف جائز نہیں، اگر عورت کا مرض (لیکوریا میں رحم سے آنے والا سفید پانی) عذر شرعی کے درجہ میں نہیں ہے تو دورانِ طواف وہ سفید پانی آنے کی وجہ سے وضو ٹوٹ جائے گا، اس صورت حال میں طواف وہیں روک کر پہلے وضو کرنا چاہیے، بہت بھیڑ بھاڑ کی وجہ سے وضو کے لیے باہر نکلنا مشکل تو ہے بالخصوص بچے والی عورت کے لیے اور بھی دقّت وپریشانی ہے؛ لیکن صورت مسئولہ میں اس کے علاوہ اور کوئی شکل نہیں، کوشش کرے کہ ایسی صورت میں بہت دور نکلنے کے بجائے قریبی وضوخانے پر جاکر وضو کرلے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند