• عبادات >> حج وعمرہ

    سوال نمبر: 50710

    عنوان: عمرہ کے فرائض اور سنتیں معلوم کرنا ہے۔

    سوال: عمرہ کے فرائض اور سنتیں معلوم کرنا ہے۔

    جواب نمبر: 50710

    بسم الله الرحمن الرحيم

    عمرہ کی ادائیگی کے لیے احرام شرط ہے، اور عمرہ کا رکن اعظم ہے بیت اللہ شریف کا طواف، اور عمرہ کے طواف میں کم ازکم چار چکر فرض ہیں اور بقیہ واجب ہیں۔ عمرہ میں آٹھ چیزیں واجب ہیں: (۱) میقات سے احرام باندھنا ۔ (۲) طواف کے چار چکروں کے بعد مزید تین چکر کرکے طواف پورا کرنا ۔ (۳) باوضو طواف کرنا ۔ (۴) پیدل طواف کرنا (مگر یہ کہ کوئی عذر ہو) ۔ (۵) طواف کے بعد دو رکعت واجب الطواف پڑھنا۔ (۶) صفا اور مروہ کی سعی۔ (۷) پیدل سعی کرنا۔ (۸) طواف اور سعی کرنے کے بعد سر منڈانا یا بال کتروانا۔ عمرہ کی چند سنن اور مستحبات یہ ہیں: (۱) احرام باندھنے سے پہلے وضو یا غسل کرنا۔ (۲) سفید رنگ کی ایک نئی چادر اور ایک لنگی پہننا۔ (۳) خوشبو لگانا۔ (۴) احرام باندھنے کے بعد دو رکعت نماز پڑھنا۔ (۵) کثرت سے تلبیہ پڑھنا۔ (۶) جب بھی تلبیہ شروع کرے تو اس کو بار بار پڑھنا۔ (۷) نبی کریم علیہ السلام پر درود بھیجنا۔ (۸) اللہ سے جنت اور نیک لوگوں کی صحبت کی دعا کرنا۔ (۹) جہنم سے پناہ مانگنا۔ (۱۰) مکہ میں داخل ہوتے وقت غسل کرنا۔ (۱۱) مکہ میں دن میں باب ”المعلاة“ سے داخل ہونا۔ (۱۲) بیت اللہ شریف سے ملاقات کے وقت تکبیر وتہلیل کرنا۔ (۱۳) جب بیت اللہ شریف پر نگاہ پڑے تو اچھی سے اچھی دعا کرنا۔ (۱۴) عمرہ کے طواف میں رمل کرنا۔ (۱۵) اور عمرہ میں اضطباع کرنا (لیکن اخیر کی دونوں صرف مردوں کے لیے ہیں)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند