• عبادات >> حج وعمرہ

    سوال نمبر: 48110

    عنوان: حج كے دوران سلے ہوئے كپڑے پہننا

    سوال: کیا حج میں سلا ہوا کپڑا حالت احرام میں پہننے کی کسی بھی حالت میں اجازت ہے؟ ہمارے یہاں مسجد کے بیان میں مفتی صاحب نے بتایا کی ہاں سلا ہوا کپڑا پہنا جا سکتا ہے ، اگر پہنا جا سکتا ہے تو کن حالت میں پہننا جایز ہے؟

    جواب نمبر: 48110

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1320-1303/N=11/1434-U جو کپڑا بدن یا کسی عضو کی ہیئت وبناوٹ کے مطابق سلا گیا ہو جیسے کرتا، پائجامہ، صدری، شیروانی، بنیائن، انڈرویئر وغیرہ مرد کے لیے حالت احرام میں وہ کپڑا معتاد طریقہ پر پہننا جائز نہیں، منع اور موجب جنایت ہے۔ اور جو کپڑا بدن یا عضو کی ہیئت وبناوٹ پر نہیں سلا گیا ہے جیسے کنارے کنارے سلی ہوئی چادر یا سلی ہوئی لنگی تو اس کا پہننا بلاکراہت جائز ہے، اور اگر کسی مرد نے سلا ہوا کپڑا معتاد طریقہ پر نہیں پہنا یعنی جس طرح وہ کپڑا پہنا جاتا ہے اس طرح نہیں پہنا بلکہ یوں ہی جسم پر ڈال لیا جیسے کسی نے کرتا یا شیروانی جسم پر ڈال لی تو اس میں بھی کوئی مضائقہ نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند