• عبادات >> حج وعمرہ

    سوال نمبر: 28033

    عنوان: (۱) اگر کوئی احرام کی حالت میں غلط الفاظ بولے یا کسی کو گالی دے (خبیث وغیرہ) تو اس پر کیا جرمانہ ہوگا؟ کیا اس کو دم دینا ہوگا؟ اگر ہاں تو کیا؟(۲)کیا والد اپنی بیٹی کو اپنے شوہر سے طلاق لینے کا حکم دے سکتاہے؟جب کہ وہ ایسا کرنا نہیں چاہتی ہے، اگر نہیں تو کیا یہ حکم شریعت کے خلاف ہے؟(۳) اگر کوئی مسلمان دوسرے مسلمان کو گناہ / حرام کام(رشوت لینا ، سودی کاروبار کرنا، شراب پینا وغیرہ) کرنے پر مجبور کرے جب کہ وہ اللہ پر ایمان رکھتاہے، تو کیا یہ شرک ماناجائے گا؟(۴) کیاسگریٹ نوشی حرام ہے؟کیا تمبا کو کی کسی شکل (سگریٹ ، تمباکو، سگار وغیرہ)کے استعمال کرنے کی اجازت ہے ؟جب کہ تحقیق سے یہ ثابت ہوگیاہے کہ یہ صحت کے لیے نقصان دہ ہے اور جسم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتاہے۔(۵) کیا روزہ کی حالت میں ٹوتھ پیسٹ کا استعمال کرنا جائز ہے؟کیا یہ صحیح ہے کہ روزہ کی حالت میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم مسواک استعمال فرماتے تھے؟ چونکہ مسواک میں بھی ٹیسٹ ہوتاہے، روزہ کی حالت میں ٹوتھ پیسٹ کے استعمال کرنے کے سلسلے میں فقہی حکم کیا ہے؟ براہ کرم، تفصیل سے جواب دیں۔ 

    سوال: (۱) اگر کوئی احرام کی حالت میں غلط الفاظ بولے یا کسی کو گالی دے (خبیث وغیرہ) تو اس پر کیا جرمانہ ہوگا؟ کیا اس کو دم دینا ہوگا؟ اگر ہاں تو کیا؟(۲)کیا والد اپنی بیٹی کو اپنے شوہر سے طلاق لینے کا حکم دے سکتاہے؟جب کہ وہ ایسا کرنا نہیں چاہتی ہے، اگر نہیں تو کیا یہ حکم شریعت کے خلاف ہے؟(۳) اگر کوئی مسلمان دوسرے مسلمان کو گناہ / حرام کام(رشوت لینا ، سودی کاروبار کرنا، شراب پینا وغیرہ) کرنے پر مجبور کرے جب کہ وہ اللہ پر ایمان رکھتاہے، تو کیا یہ شرک ماناجائے گا؟(۴) کیاسگریٹ نوشی حرام ہے؟کیا تمبا کو کی کسی شکل (سگریٹ ، تمباکو، سگار وغیرہ)کے استعمال کرنے کی اجازت ہے ؟جب کہ تحقیق سے یہ ثابت ہوگیاہے کہ یہ صحت کے لیے نقصان دہ ہے اور جسم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتاہے۔(۵) کیا روزہ کی حالت میں ٹوتھ پیسٹ کا استعمال کرنا جائز ہے؟کیا یہ صحیح ہے کہ روزہ کی حالت میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم مسواک استعمال فرماتے تھے؟ چونکہ مسواک میں بھی ٹیسٹ ہوتاہے، روزہ کی حالت میں ٹوتھ پیسٹ کے استعمال کرنے کے سلسلے میں فقہی حکم کیا ہے؟ براہ کرم، تفصیل سے جواب دیں۔ 

    جواب نمبر: 28033

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(م): 8=6-1/1432

    (۱) احرام کی حالت میں غلط الفاظ بولنا بہت بڑا گناہ ہے، قرآن وحدیث میں اس کی ممانعت آئی ہے ﴿الْحَجُّ اَشْہُرٌ مَعْلُوْمَاتٌ فَمَنْ فَرَضَ فِیْہِنَّ الْحَجَّ فَلَا رَفَثَ وَلَا فُسُوْقَ وَلَا جِدَالَ فِیْ الْحَجِّ﴾ لہٰذا اگر کوئی ایسا کرتا ہے تو اس کو چاہیے کہ سچے دل سے توبہ کرے اور اپنی حیثیت کے مطابق تھوڑا بہت صدقہ کرے، البتہ اس کی وجہ سے اس پر کوئی جرمانہ یا دم لازم نہ ہوگا۔ 
    (۲) اگر شوہر، بیوی کے حقوق ادا کررہے ہوں اور دونوں کے درمیان کوئی ایسی سخت اہم بات پیش نہ آئی ہو، جو طلاق کی متقاضی ہے تو والد کے لیے ہرگز جائز نہیں کہ وہ اپنی بیٹی کو طلاق لینے کا حکم دیں۔ باپ کس وجہ سے طلاق لینے کا حکم دے رہے ہیں، اس کی پوری تفصیل لکھیں نیز لڑکی کی مرضی کیا ہے؟ اس کے دستخط کے ساتھ تحریر کریں، پھر اس سے متعلق شرعی حکم بتلایا جائے گا ان شاء اللہ۔ 
    (۳) رشوت لینا، سود لینا اور شراب پینا ایسے گناہ ہیں جو نصوصِ قطعیہ کی رو سے حرام ہیں، لہٰذا کوئی آدمی اگر ان کو خود حلال سمجھ کر، دوسرے کو ان کے ارتکاب پر مجبورکرتا ہے تو یہ کفر مانا جائے گا؛ لیکن اگر حلال نہیں سمجھتا؛ بلکہ حرام سمجھتے ہوئے، ایسا کرتا ہے تو یہ گناہِ عظیم ہے؛ البتہ اس کی وجہ سے کفر وشرک لازم نہ آئے گا۔ إن من اعتقد الحلال حرامًا أو علی القلب، یکفّر إذا کان حراما لعینہ وثبتت حرمتہ بدلیل قطعيّ (مراقي الفلاح: ۱۳۸، دارالمکتب العلمیة)
    (۴) شوقیہ سگریٹ پینا مکروہ ہے، البتہ اس سے نشہ آتا ہو تو پھر حرام ہے، تمباکو کو پان کے ساتھ ملاکر کھانے کی عندالضرورت اجازت ہے؛ البتہ بلاضرورت یا نقصان دہ ہونے کی شکل میں کسی طرح کا تمباکو جائز نہیں۔
    (۵) چوں کہ ٹوتھ پیسٹ میں ذائقہ بہت زیادہ محسوس ہوتا ہے نیز اس پر نہ مسواک کا اطلاق ہوتا ہے اور نہ سنتِ مسواک کی ادائیگی کے لیے اس کی ضرورت ہے، اس لیے روزے کی حالت میں ٹوتھ پیسٹ کا استعمال مکروہ ہے؛ لیکن اگر اس کے ذرات حلق میں پہنچ جائے تو روزہ ٹوٹ جائے گا، اور عموماً حلق تک پہنچ جاتے ہیں؛ اس لیے حتی الامکان اس سے بچنا چاہیے، جی ہاں حضور صلی اللہ علیہ وسلم روزے کی حالت میں مسواک کیا کرتے تھے ”عن عامر بن ربیعة قال رأیت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یَسٴتاک وہم صائم مالا أعد ولا أحصي أخرجہ أبوداوٴد والترمذي (نصب الرایة: ۱/۴۵۹)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند