• عبادات >> حج وعمرہ

    سوال نمبر: 164965

    عنوان: یوم العرفہ کی كیا فضیلت ہے؟

    سوال: یوم عرفہ کی فضیلت بیان فرمائیں۔ اس میں اگلے اور پچھلے سال کے گناہ معاف ہونے کا تذکرہ ہے ، اب کسی نے روزہ رکھا تو کیا اس شخص کے بارے میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ وہ آئندہ ایک سال تک ضرور زندہ رہے گا کیونکہ حدیث میں ایک سال کے گناہ معاف ہونے کا تذکرہ ہے حالانکہ موت کا کوئی وقت مقرر نہیں ہے ۔ اس رویت سے ایسی کوئی بات ثابت ہوتی ہے ؟ مدلل و مفصل جواب بیان فرمائیں۔

    جواب نمبر: 164965

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1471-1224/D=12/1439

    صیام یوم عرفة احتسب علی اللہ أن یکفر السنة التي قبلہ والسنة التي بعدہ (مشکاة: ۱۷۹)

    حدیث میں اگلے سال زندہ رہنے کا کوئی ذکر نہیں ہے پھر اگلے سال سے مراد جہاں پورا سال ہے وہیں سا ل کا بعض حصہ بھی ہے چنانچہ اگلے سال درمیان میں مرنے والے کے گناہ بھی معاف ہوجائیں گے اور بعض محدثین نے فرمایا کہ آئندہ سال کے گناہ معاف کرنے سے مراد یہ ہے کہ آئندہ سال گناہ سے محفوظ رکھیں گے وقیل تکیفیر السنة الآتیة أن یحفظہ من الذنوب فیہا حفاظت وفات کے ذریعہ بھی ہوسکتی ہے۔

    بعض محدثین نے اس روایت کا یہ مطلب بیان کیا ہے کہ رحمت اور ثواب کی اتنی مقدار عطا فرمائیں گے وہ پچھلے سال کے گناہوں کا کفارہ بن جائے گا اور آئندہ سال کے گناہوں کا جب وہ آئے اور اس میں گناہ کا وقوع ہو۔ اس کا حاصل یہ ہوا کہ آئندہ سال زندہ نہ بھی رہا اور گناہ نہ بھی ہوا تو بھی دو سال کے برابر ثواب ورحمت عطا ہوجائے گی، پس حدیث مذکور سے ایسا کوئی یقینی اشارہ نہیں نکلتا کہ یہ شخص آئندہ سال زندہ بھی رہے گا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند