• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 61770

    عنوان: کیا قرآن میں یہ بھی لکھا ہے کہ حدیث کی کتابوں پر بھی عمل کرنا ہے؟ اور حدیث کی ٹوٹل کتنی کتابیں ہیں؟

    سوال: کیا قرآن میں یہ بھی لکھا ہے کہ حدیث کی کتابوں پر بھی عمل کرنا ہے؟ اور حدیث کی ٹوٹل کتنی کتابیں ہیں؟

    جواب نمبر: 61770

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1097-1121/N=1/1437-U (۱):جی ہاں! قرآن کریم سے یہ ثابت ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی جو احادیث مبارکہ ہیں ، وہ بھی دین کا حصہ ہیں اور حجت شرعیہ ہیں ، اور قرآن کریم کی طرح ان پر بھی عمل کیا جائے گا ، احادیث مبارکہ کو بزرگان دین کے ملفوظات کے درجہ میں گرداننا اور ان کے لیے کوئی تشریعی حیثیت تسلیم نہ کرنا اہل السنة والجماعة کے عقیدہ ومسلک کے خلاف ضلالت وگمراہی کا عقیدہ ہے قال اللہ تعالی:قل أطیعوا اللہ وأطیعوا الرسول(سورہ آل عمران،آیت:۳۲)، وما آتاکم الرسول فخذوہ وما نھاکم عنہ فانتھوا(سورہ حشر،آیت:۷)،فلیحذر الذین یخالفون عن أمرہ أن تصیبھم فتنة أو یصیبھم عذاب ألیم(سورہ نور،آیت:۶۳)،وأنزلنا إلیک الذکر لتبین للناس ما نزل إلیھم(سورہ نحل،آیت:۴۴)،عن عبد اللہ بن مسعود قال:لعن اللہ الواشمات والمستوشمات والمتنمصات والمتفلجات للحسن المغیرات خلق اللہ، فجاء تہ امرأة فقالت:إنہ بلغي أنک لعنت کیت وکیت، فقال:مالي لا ألعن من لعن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ومن ھو في کتاب اللہ، فقالت:قرأت ما بین اللوحین، فما وجدت فیہ ما تقول، قال: لئن کنت قرأتیہ لقد وجدتیہ، أما قرأت ”ما آتاکم الرسول فخذوہ وما نھاکم عنہ فانتھو“، قالت: بلی، قال:فإنہ قد نھي عنہ(مشکوة شریف ص ۳۸۱ بحوالہ صحیحین)۔ (۲): اسلامی کتب خانہ میں احادیث مبارکہ کے موضوع پر بے شمار کتابیں لکھی گئی ہیں، آپ ان کی تفصیلات جاننے کے لیے مولانا محمد زماں کلاچوی کی کتاب: المصنفات فی الحدیث کا مطالعہ کریں، یہ کتاب اردو زبان میں ہے اور لاہور میں زم زم پبلشرز، نزد مقدس مسجد، اردو بازار لاہور اور مکتبہ سید احمد شہید ۱۰/ الکریم مارکیٹ اردو بازار لاہور میں قیمتاً مل سکتی ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند