• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 611175

    عنوان:

    ’’آنے والے زمانہ میں اگر كوئی دسویں حصہ پر بھی عمل كرلے گا تو نجات پاجائے گا‘‘ كیا یہ حدیث صحیح ہے؟

    سوال:

    سوال : محترم صاحبان میرا تعلق دیوبند سے ہے اور میرا سوال ہے کہ کیا ایسا کوئی حدیث ہےجس میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے صحابہ کرام سے فرمایا ہو کہ اگر آپ کے ایمان کے دس حصوں میں ایک حصہ بھی کم ہو تو ہلکا ہوجاوگے، آپ لوگوں کے بعد میری امت آئیگی ایمان کے دس حصوں میں اگر ان کا ایک حصہ بھی ایمان ہوگا تو کامیاب ہوں گے۔ مطلب صحابہ کرام کے لیے ایمان کے مکمل دس حصے لازمی تھے اور اس کے بعد آنے والی امت کے لیے یعنی ہمارے لیے ایمان کا ایک حصہ لازمی ہے۔ تو مقصد یہ ہے کہ ایسی کوئی حدیث ہے کیا اگر ہے تو کونسی کتاب میں ہے ۔ مہربانی فرما کر رہنمائی کریں۔

    جواب نمبر: 611175

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1025-865/B=09/1443

     اس مضمون كی حدیث ترمذی شریف میں ہے‏۔ علامہ خطابی نے مشكاۃ شریف میں نقل كی ہے‏، اس كے الفاظ یہ ہیں‏: عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: "إِنَّكُم فِي زمَان مَنْ تَرَكَ مِنْكُمْ عُشْرَ مَا أُمِرَ بِهِ هَلَكَ ثُمَّ يَأْتِي زَمَانٌ مَنْ عَمِلَ مِنْهُمْ بِعُشْرِ مَا أَمر بِهِ نجا" . (رواه الترمذي) بحواله (مشكاة، ص: 31) باب الاعتصام بالسنة.

    حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے كہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: تم لوگ ایسے زمانہ میں ہو كہ دین كا دسواں حصہ كوئی چھوڑدے تو ہلاك ہوجائے گا۔ پھر ایك زمانہ ایسا آئے گا كہ جو كوئی دین كے دسویں حصہ پر عمل كرے گا وہ نجات پاجائے گا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند