عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت
سوال نمبر: 610890
سوال : امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ جہاں بھی قال بعض الناس کہتے ہیں اس سے ہم امام اعظم ہی کو کیوں مراد لیتے ہیں۔ کیا کسی جگہ امام بخاری نے کہا ہے کہ بعض الناس سے امام اعظم ہی مراد ہیں۔ کیونکہ اکثر یہ ہوتا ہے کہ اساتذہ پڑھاتے وقت کہتے ہیں کہ بعض الناس سے مراد امام صاحب ہے لیکن ہمارا مسلک ایسا نہیں ایسا ہے امام بخاری سے غلطی ہوئی ہے جبکہ امام بخاری نے اس جگہ تعیین ہی نہیں کی کہ میری مراد کون ہے ۔ بلاوجہ ہم اپنے آپ کو مراد لیکر امام بخاری کو غلط ثابت کرتے ہیں۔ اس سے اچھا یہ ہوگا کہ یہ کہا جاے کہ امام بخاری ان لوگوں پر رد کیا ہے جنکا یہ مسلک ہے ہمارا یہ مسلک نہیں۔ اس سے امام بخاری کا احناف کی مخالفت کرنا لازم بھی نہیں آے گا۔
جواب نمبر: 610890
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa: 949-807/B=09/1443
بعض الناس میں امام ابوحنیفہ كی تعیین قرائن كی وجہ سے سمجھی گئی ہے، كچھ مصنفین نے اس كی مستقل شرح بھی لكھی ہے ان سب حضرات نے امام اعظم ابوحنیفہ ہی كو مورد طعن سمجھا ہے۔ قال بعض الناس كہہ كر امام بخاری نے جو تردید كی ہے اس تردید كے پڑھنے سے یہی سمجھ میں آتا ہے۔ امام بخاری نے دوسرے ائمہ مجتہدین كی تردید كی ہے لیكن وہاں بعض الناس كا لفظ استعمال نہیں فرمایا ہے۔ دراصل امام بخاری کو اپنے استادوں میں سب سے زیادہ عقیدت حضرت امام اسحاق بن راہویہ كے ساتھ ہے اور وہ اصحاب ظواہر میں سے تھے اور امام اعظم ابوحنیفہ كو اصحاب الرای میں گردانتے تھے اس لیے امام بخاری میں كچھ شدت آگئی۔ امام بخاری اس لفظ كی جگہ قال بعض الأئمة یا قال بعض المحقيقن قال بعض علماء الاعلام وغیرہ سے بھی تعبیر كرسكتے تھے۔ غرض ہمارے اكابر سے یہی بات چلی آرہی ہے۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند