• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 604120

    عنوان:

    جمعہ كی نماز كے لیے پیدل چلنے کا ثواب

    سوال:

    میرا ایک سوال ہے میں نے ایک حدیث میں سنا تھا تھا کہ اگر کوئی جمعہ کی نماز کے لئے پیدل چل جائے تو ہر قدم پر اسے سال بھر کے روزوں کا ثواب ملے گا اس حدیث کو سننے کے بعد میں ہمیشہ اپنی بائیک کو دور رکھ کر مسجد کو پیدل جاتا تھا لیکن ایک صاحب نے کہا ہے کہ آپ کو اس طرح کرنے کی ضرورت نہیں ہے ہیں آپ bike پر بھی گئے تو اسی طرح ثواب ملے گا برائے کرم جواب عنایت فرمائیں۔ جزاک اللہ خیر

    جواب نمبر: 604120

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 863-121T/B=10/1442

     جی ہاں اس طرح کی حدیث آئی ہوئی ہے اور مشکاة شریف میں موجود ہے۔ حدیث کے الفاظ یہ ہیں: عن أوس بن أوس قال: قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ”مَن غَسَّلَ یوم الجمعة واغتسل، وبکَّر وابتکر ومشی ولم یرکب، ودنا من الإمام واستمع ولم یَلْغُ کان لہ بکل خطوةٍ عمل سنةٍ أجر صیامہا وقیامہا“۔ رواہ الترمذی وأبوداوٴد والنسائی وابن ماجة (مشکاة، ص: 437)۔ یہ حدیث سند کے اعتبار سے صحیح اور حسن ہے اور قابل عمل ہے۔ یہ حدیث سن کر آپ نے جمعہ کے لئے پیدل جانے کا جو معمول بنایا تھا وہ صحیح عمل تھا۔ ایک صاحب کے بتانے سے یہ عمل آپ نے ترک کردیا، یہ صحیح نہیں کیا۔ اگر آپ کے گھر سے جامع مسجد اتنی دور ہے کہ بلا مشقت کے آپ پیدل چل سکتے ہیں تو پہلا عمل جاری رکھئے اور ثوابِ عظیم حاصل کرتے رہئے۔ بعض ائمہ نے لکھا ہے کہ ہم نے اتنے زیادہ ثواب والی کوئی صحیح حدیث نہیں سنی ہے۔ ہفتہ میں ایک دن جمعہ کے لئے پیدل چل کر کثیر ثواب حاصل کرنا آپ کی خوش نصیبی کی بات ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند