عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت
سوال نمبر: 603884
ایک حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا سکوت فرمانا حضرت ابی ابن کعب رضی اللہ عنہ کے عمل پر۔
حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضرت ابی بن کعب رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہو کر عرض کیا، یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم!آج رات مجھ سے ایک عمل ہو گیا اور یہ واقعہ رمضان کا ہے ۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اے ابی بن کعب!کیا ہوا؟انہوں نے فرمایا کہ میرے گھر میں چند عورتیں تھیں ان عورتوں نے کہا کہ ہم نے قرآن نہیں پڑھا،ہم آپ کے پیچھے تراویح کی نماز پڑھیں گی،چنانچہ میں نے انہیں آٹھ رکعت نماز پڑھائی اور وتر بھی پڑھائی۔حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے کچھ نہ فرمایا اس طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی رضامندی کی بناء پر یہ سنت ہوئی۔ (أخرجہ أبو یعلی قال الہیثمی رواہ أبو یعلی و الطبرانی بنحوہ فی الأوسط و إسنادہ حسن ج/۲ص/۴۷) برائے مہربانی مذکورہ بالا حدیث کی توضیح وتطبیق فرما دیں۔
جواب نمبر: 603884
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa : 474-391/D=07/1442
مذکورہ حدیث کے دو جواب ہیں:۔
(۱) علامہ ہیثمی نے اس کی سند کو اگرچہ حسن کہا ہے؛ مگر محققین نے اُن کی اس تحسین کو تسلیم نہیں کیا ہے؛ کیوں کہ اس حدیث کی سند میں ایک راوی عیسی بن جاریہ ہے جو منکر الحدیث ہے، لہٰذا یہ حدیث قابل استدلال نہیں ہے۔
(۲) اس روایت سے تراویح کی آٹھ رکعات ہونے پر استدلال اس بات پر موقوف ہے کہ روایت میں مذکورہ واقعہ تراویح کا ہو، جب کہ اس کا گھر کے اندر کا واقعہ ہونا اس بات کا قوی قرینہ ہے کہ یہ تہجد کا واقعہ ہے، روایت کے کسی ایک لفظ سے بھی یہ ثابت نہیں ہوتا کہ یہ تراویح کا واقعہ ہے؛ لہٰذا حضرت ابی رضی اللہ عنہ کے اس واقعے سے تراویح کے آٹھ رکعات ہونے کے سلسلے میں استدلال کرنا بے دلیل ہے۔ (مزید تفصیل کے لئے مولانا حبیب الرحمن محدث اعظمی رحمہ اللہ کا رسالہ ”رکعات تراویح“ ملاحظہ فرمائیں۔) جب کہ بیس رکعات تراویح پر صحابہ کرام کا اجماع موجود ہے، اعلاء السنن میں ہے:
واستقر الأمر في عہد عمر رضي اللہ عنہ علی العشرین، وقال الترمذي: وأکثر أہل العلم علی ماروی علي وعمر وغیرہما من أصحاب النبي صلی اللہ علیہ وسلم عشرین رکعة اھ۔ وہو قول سفیان الثوري وابن المبارک والشافعي، وقال الشافعي: وہکذا أدرکت ببلدنا بمکة یصلون عشرین رکعة اھ۔ (7/69، ط: الأشرفیة)
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند