• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 600528

    عنوان: وضو میں کل کتنی سنتیں ہیں؟ 

    سوال:

    وضو میں کل کتنی سنتیں ہیں؟ جواب عنایت فرمائیں عین نوازش ہوگی

    جواب نمبر: 600528

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 76-93/M=03/1442

     وضو میں درج ذیل چیزیں سنت ہیں:

    (۱) نیت کرنا۔ (۲) تسمیہ سے شروع کرنا۔ (۳) دونوں ہاتھ گٹوں تک تین بار دھونا۔ (۴) مسواک کرنا۔ (۵) تین بار منہ بھر کر کلی کرنا، روزہ نہ ہو تو غرارہ بھی کرنا۔ (۶) تین بار ناک میں داہنے ہاتھ سے ناک کے نرم حصے تک پانی چڑھانا اور بائیں ہاتھ سے ناک صاف کرنا۔ (۷) داڑھی کا خلال کرنا۔ (۸) ہاتھ پاوٴں کی انگلیوں کا خلال کرنا۔ (۹) وضو میں دھلنے والے اعضاء کو تین تین بار دھونا یعنی تین بار چہرہ دھونا، تین بار دونوں ہاتھ کہنیوں سمیت دھونا، تین بار دونوں پیر ٹخنوں سمیت دھونا۔ (۱۰) ایک بار پورے سر کا مسح کرنا۔ (۱۱) پھر کان اور گردن کا مسح کرنا، کان اور گردن کے مسح کے لئے نیا پانی لینے کی ضرورت نہیں۔ (۱۲) ترتیب قائم رکھنا۔ (۱۳) پے در پے کرنا یعنی ایک عضو کے سوکھنے سے پہلے دوسرے عضو کو دھو لینا۔ بعض حضرات نے بعض مستحبات کو بھی سنن میں شامل کیا ہے اس لیے تعداد میں اختلاف ہو سکتا ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند