• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 41793

    عنوان: قطب و ابدال کے متعلق صحیح اسلامی عقیدہ

    سوال: حضرت براہ کرم مجھے یہ بتائیے کہ قطب ابدال کے متعلق ہمارے علماء دیوبند کا کیا موقف ہے ؟ 1۔کیا کتاب اللہ یا حدیث رسول ? سے یہ بات ثابت ہے ؟ 2۔ اگر احادیث میں کہیں پر قطب و ابدال کا ذکر ملتا ہے تو ایسی احادیث کی صحت کیسی ہے ؟ 3۔ کیا رسو ل اللہ ? نے کسی صحابی کے متعلق کبھی یہ ارشاد فرمایا کہ فلاں صحابی قطب ہے یا فلاں صحابی ابدال ہے ؟ 4۔کیا قطب و ابدال معصوم علی الخطاء ہوتے ہیں ؟ اگر یہ ہستیاں نظام عالم کو سنبھالے ہوئے ہیں اور بشریت کی بناء پر ان کے درمیان کسی معاملہ میں اختلاف ہو جائے تو کیا نظام عالم متاثر نہ ہو جائیگا ؟

    جواب نمبر: 41793

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1626-594/L=12/1433 قطب ابدال کے متعلق علمائے دیوبند کا موقف یہ ہے کہ یہ اولیاء اللہ کے مختلف مراتب ہیں۔ (۱، ۲) ان کا ثبوت احادیث سے ہے، علامہ سیوطی نے تقریباً بیس کتب وروات سے ایسی حدیثیں نقل کی ہیں جن سے ابدال وغیرہ کا ثبوت ہوتا ہے، اور تمام حدیثوں کو صحیح وحسن فرمایا ہے۔ (دلائل السلوک: ۹۳) (۳) علامہ سیوطی کی کتاب الحاوی للفتاوی میں حضرت ابوہریرہ کی روایت میں ہے کہ حضرت مغیرہ ابن شعبہ کے غلام کے بارے میں آپ نے ارشاد فرمایا کہ یہ ان سات میں سے ایک ہے۔ جن کے ذریعے اللہ تعالی زمین والوں کو محفوظ رکھتے ہیں (الحاوی للفتاوی: ۲/۲۴۹) (۴) یہ ہستیاں معصوم عن الخطاء نہیں ہوتی ہیں البتہ اللہ تعالیٰ ان کو بشری کمزوریوں سے پاک کردیتے ہیں، عالم کی وجود وبقاء کے لیے جو امور من جانب اللہ ان کے سپرد ہوتے ہیں وہ اس کو بجالاتے ہیں کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں کرتے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند