• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 174096

    عنوان: تصویر کی حرمت پر کوئی حدیث مع عربی واردو متن ارسال فرمائیں

    سوال: مولانا مفتیان کرام امید ہے خیریت سے ہوں گے۔ مولانا کیا ایسی کوئی حدیث موجود ہے جس میں یہ کہا گیا ہے کہ تصویر کشی حرام ہے؟ اگر ایسی کوئی حدیث موجود ہے تو برائے مہربانی اس کا عربی اور اردو متن دونوں لکھیں تاکہ سمجھنے میں آسانی ہو سکے۔ مولانااپنی والدہ مرحومہ کی مغفرت کے لئے خصوصی دعا کی بھی درخواست ہے. ساتھ ہی دادا دادی نانا نانی و سبھی مرحومین کی مغفرت کی دعا کی بھی درخواست ہے نیز میرے اور میرے خاندان بھائی بہنوں وسبھی جملہ رشتہ داروں ساتھ ہی دوست و احباب کی صحت وعافیت نیز پریشانیوں سے بچنے کے لئے اور سبھی کے ایمان کی سلامتی کے لئے دنیا و آخرت میں بھلائی کے لئے خصوصی دعا کی درخواست ہے۔

    جواب نمبر: 174096

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:137-118/N=3/1441

    (۱): احادیث میں انسان یا کسی بھی جان دار کی تصویر سازی یا تصویر کشی پر سب سے زیادہ سخت عذاب کی دھمکی آئی ہے۔ اور اس طرح کی وعید حرام وناجائز کام ہی پر ہوتی ہے؛ اس لیے اسلام میں انسان یا کسی بھی جان دار کی تصویر سازی یا تصویر کشی حرام وناجائز ہے۔ ذیل میں وعید والی ایک حدیث مع اردو ترجمہ پیش ہے:

    عن عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ قال: سمعت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یقول: ”أشد الناس عذاباً عند اللہ المصورون“، متفق علیہ (مشکاة المصابیح، باب التصاویر، الفصل الأول،ص ۳۸۵، ط: المکتبة الأشرفیة دیوبند)۔

     ترجمہ: حضرت عبد اللہ بن مسعودسے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ارشاد فرماتے ہوئے سنا کہ لوگوں میں سب سے زیادہ سخت عذاب اللہ کے یہاں تصویر سازی کرنے والوں کو ہوگا۔

    (۲):اللہ تعالی آپ کے جملہ مقاصدہ حسنہ میں کام یابی عطا فرمائیں ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند