• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 173393

    عنوان: رشتہ داری کی خاطر شادی میں تصاویرلینا کیسا ہے؟

    سوال: میں ایک فوٹوگرافر تھا (بات کچھ پرانی نہیں، تازی ہی ہے) لیکن جلد اللہ سے اپنے گناہوں کی مغفرت مانگنے کے سے اللہ نے دل میں یہ بات بھی ڈالی کہ یہ کام ٹھیک نہیں، تو مینے شادیاں اٹینڈ کرنا چھوڑ دی، ساتھ ہی سارے وہ کام بھی جس جس بات کو اللہ دل میں محسوس کرواتا گیا۔ میں نے سب چھوڑ دیا (اور میری آمدنی میں کوئی فرق نہ پڑا)ْ۔ لیکن کافی لوگ مجھے پھر سے اس کام کو کرنے کیلئے کہتے ہیں، میرے منع کرنے پر میرے تعلقات ان لوگوں سے کمزور پڑ گئے ہیں۔ لیکن میں جانتا ہوں میرے لئیے کسی کڑک شیطان کی ڈیوٹی لگا دی گئی ہے جو پھر سے اسی مقام پر لانا چاہتاہوں جہاں کبھی تھا۔ خیر مجھے جھوٹ بھی بولنا پڑجاتا ہے خود کو بچانے کیلئے۔ لیکن میں اندر ہی اندر گھبراتا جارہاہوں کہ میں اللہ سے پھر دور نہ ہوجاؤں۔ اب یہاں معاملہ یہ ہے کہ میرے اپنے گھر میں شادی ہے (میری کزن کی) اور سب کی امیدیں مجھ سے ہیں کہ میں ہی سارا ایونٹ سنبھالوں گا، مجھے تصویریں لینے کیلئے کہا جارہا ہے۔ لیکن میں ہرگز نہیں کرنا چاہتا۔ اور میں نے کیا تو ناراضگی کے امکان مجھے بظاہر دیکھ رہے ہیں۔ مجھے کیا ان کیساتھ اور سب کیساتھ کیا کرنا چائے صرف آپ کی رائے راستہ دکھا سکتی ہے۔

    جواب نمبر: 173393

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:74-15t/sd=2/1441

     جب آپ نے فوٹو گرافی کا کام چھوڑ دیا ہے، تو اب ہمت سے کام لیجیے اور جمے رہیے، اللہ تعالی سب کو خوش کردیں گے، جو اللہ کے حکم کے لیے دوسروں کو ناراض کرتا ہے، اللہ تعالی دوسروں کو راضی کردیتے ہیں، آپ اپنے گھر والوں سے صاف کہدیں کہ فوٹو گرافی حرام و ناجائز ہے، جس پر آخرت میں سخت مواخذہ ہوسکتا ہے، اس لیے یہ کام کسی بھی صورت میں نہیں کیا جاسکتااور حکمت کے ساتھ گھر والوں کو یہ بھی سمجھائیں کہ جس شادی میں اللہ کی نافرمانی کی جاتی ہے، اس میں برکت نہیں ہوتی ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند