• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 1717

    عنوان: کیا صحیح بخاری اور صحیح مسلم میں ساری احادیث صحیح ہیں یا ان میں کچھ کلام ہے؟ اگر ہے تو وہ کون سی ہیں؟ ایک شخص یہ کہتا ہے کہ صحیح بخاری اور صحیح مسلم کی ساری احادیث قابل عمل ہیں ۔

    سوال: کیا صحیح بخاری اور صحیح مسلم میں ساری احادیث صحیح ہیں یا ان میں کچھ کلام ہے؟ اگر ہے تو وہ کون سی ہیں؟ ایک شخص یہ کہتا ہے کہ صحیح بخاری اور صحیح مسلم کی ساری احادیث قابل عمل ہیں ۔

    جواب نمبر: 1717

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 579/ د= 571/ د

     

    تمام علمائے اسلام کا اس بات پر اتفاق ہے کہ کتاب اللہ کے بعد صحیح ترین کتاب صحیح بخاری اور صحیح مسلم ہے۔ مکررات کو مستثنیٰ کرکے صرف بخاری شریف میں چار ہزار سے زائد حدیثیں ہیں۔ مذکورہ دونوں کتب حدیث کی معدودے چند حدیثوں کے بعض راویوں پر کلام کیا گیا ہے دو ایک حدیثوں پر وضع کے اعتبار سے بھی کلام کیا گیا ہے۔ پھر وہ کلام کس درجہ کا ہے جرح مبہم کے قبیل سے ہے یا جرح مفسر ہے؟ نیز دوسرے سلسلہ سند سے مروی کسی روایت کے ذریعہ معنی حدیث کی تائید ہوتی ہے یا نہیں؟ یہ سب تفصیلی بحثیں ہیں جو شروحات بخاری و مسلم کے مطالعہ سے تفصیلاً معلوم ہوسکیں گی۔

    مذکورہ دونوں کتب حدیث کی ساری روایتیں احکام سے متعلق ہیں ہی نہیں کہ سب کو قابل عمل کہاجائے، بعض احکام سے متعلق ہیں اور بعض دیگر موضوعات سے متعلق ہیں۔ اور ان مذکورہ دونوں کتب حدیث کے علاوہ اور بھی حدیث کی کتابیں ہیں، جن میں صحیح احادیث موجود ہیں ان پر بھی عمل کیا جاتا ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند