• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 169595

    عنوان: آپ صل اللہ علیہ وسلم کا تہہ بند باندھنا

    سوال: نبی کریم صل اللہ علیہ وسلم تہہ بند باندھا کرتے تھے یا شلوار پہنا کرتے تھے ؟ حدیث کی روشنی میں بتلائیں۔ اور اگر تہہ بند باندھتے تھے تو کس طرح کی ہوتی تھی تہہ بند اور اس وقت تہہ بند باندھنا کیسا ہے ؟تفصیل سے فتویٰ دیجئے گا ۔

    جواب نمبر: 169595

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:684-751/N=11/1440

    حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم عام طور پر تہہ بند (لنگی) استعمال فرمایا کرتے تھے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا پائجامہ (شلوار) خریدنا تو صحیح روایت سے ثابت ہے؛البتہ پہننا صحیح روایت سے ثابت نہیں، بعض ضعیف روایات میں آیا ہے۔ اور علامہ ابن القیمنے زاد المعاد میں تحریر فرمایا ہے کہ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پائجامہ خریدنا ثابت ہے تو ظاہر یہی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پہننے کے لیے خریدا ہوگا اور متعدد احادیث میں پہننے کا تذکرہ آیا ہے اور حضرات صحابہحضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اجازت سے پائجامہ استعمال فرماتے تھے(زاد المعاد، ۱: ۱۳۹) اور متعدد احادیث میں پائجامہ پہننے کی ترغیب آئی ہے؛ کیوں کہ پائجامہ میں ستر پوشی زیادہ ہوتی ہے۔اور آپ کا تہہ بند کیسا تھا؟ اس کی تفصیلات معلوم نہیں ہوسکیں (فتاوی محمودیہ مع حاشیہ وتخریج، ۱۹: ۲۷۵- ۲۷۸، مطبوعہ: ادارہ صدیق ڈابھیل)۔ اور آج کل تہہ بند (لنگی) پہننے کا حکم یہ ہے کہ لنگی میں چوں کہ پائجامہ کی بہ نسبت پردہ پوشی کم ہوتی ہے اور عام طور پر لوگ اس میں بے احتیاطی بھی کرتے ہیں؛ اس لیے گھر سے باہر نکل کر عوامی مجمع وغیرہ میں پائجامہ استعمال کرنا چاہیے ۔ اور اگر کوئی احتیاط کے ساتھ لنگی استعمال کرسکتا ہے اور وہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے عمل کی اتباع میں گھر سے باہر بھی لنگی استعمال کرتا ہے تو اس میں کچھ حرج نہیں؛ بلکہ بہتر ہے ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند