• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 162417

    عنوان: مسواک کی اہمیت کیا ہے؟

    سوال: مسواک کی اہمیت کیا ہے؟ قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب دیں۔

    جواب نمبر: 162417

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1194-1034/D=10/1439

    مسواک کرنا سنت ہے۔ اس سے دانتوں کی صفائی ہوتی ہے اور خدا تعالی کی رضامندی کا باعث ہے۔ احادیث میں اس کی بیشمار فضیلتیں بیان کی گئی ہیں۔

    (۱) حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ مسواک منہ کی صفائی کا ذریعہ ہے اور اللہ تعالی کی خوشنودی حاصل ہونے کا سبب ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس کی بہت تاکید فرماتے اور اہمیت ظاہر کرتے چنانچہ اس کی اہمیت ظاہر کرتے ہوئے فرماتے ہیں۔

    (۲) اگر مجھے امت کے مشقت میں پڑ جانے کا اندیشہ نہ ہوتا تو میں انہیں ہر نماز کے وقت مسواک کرنے کا حکم کرتا۔

    (۳) حضور صلی اللہ علیہ وسلم جب بھی گھر میں داخل ہوتے تو اولاً مسواک فرماتے ۔

    (۴) دس چیزیں فطرت میں سے ہیں یعنی انبیاء علیہم الصلوة والسلام کی سنت ہیں ان میں سے ایک مسواک کرنا بھی ہے ۔

    (۵) ایک دوسری روایت میں چار چیزیں مرسلین کی سنت میں شمار کی گئی ہیں ان میں سے ایک مسواک بھی ہے۔

    (۶) حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب بھی بیدار ہوتے خواہ دن میں یا رات میں تو وضو سے پہلے مسواک ضرور کرتے۔

    (۷) حضرت ابوامامہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ہمارے پاس جبرئیل جب بھی آئے تو انہوں نے مسواک کرنے کی تاکید ضرور فرمائی۔

    (۸) آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک مرتبہ صحابہ کرام سے فرمایا کہ میں نے تم لوگوں سے مسواک کی اہمیت اور اس کے مرتبہ کے بارے میں خوب بیان کردیا ہے۔

    (۹) حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا کہتی ہیں کہ جو نماز مسواک کرکے پڑھی گئی وہ بغیر مسواک والی نماز سے ستر گنا (ثواب میں) بڑھی ہوتی ہے۔

    (۱۰) زید بن خالد (مسواک کی مذکورہ فضیلتوں کی بنا پر ہر وقت اپنی مسواک ساتھ رکھا کرتے تھے) یہاں تک کہ جب نماز میں شریک ہوتے تو ان کی مسواک کانوں پر رکی ہوتی جس طرح حساب لکھنے والے اپنا قلم کان کے اوپر رکھ لیتے ہیں۔

    نوٹ: مذکورہ حدیثیں مشکوة شریف سے نقل کی گئی ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند