• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 160034

    عنوان: بڑی مونچھیں رکھنے کے سلسلے میں ایک موضوع حدیث

    سوال: حضرت، ایک حدیث کے متعلق آپ سے پوچھنا تھا، میرے شیخ عارف باللہ حضرت مولانا شاہ حکیم محمد اختر صاحب اپنے بیانات میں ایک حدیث سنائی تھی، اب ایک ساتھی بتارہے ہیں کہ یہ حدیث صحیح نہیں۔ براہ کرم اس کی تصدیق فرمادیں۔ حدیث: حضور (صلی اللہ علیہ وسلم) کا ارشاد ہے جس نے اپنی مونچھ بڑھائی اس کو چار قسم کی سزا دی جائے گی۔ (۱) میری شفاعت سے محروم ہوگا۔ (۲) میرے حوض کا پانی نصیب نہ ہوگا۔ (۳) قبر کے عذاب میں مبتلا ہوگا۔ (۴) اللہ تعالی منکر اور نکیر کو اس کے پاس غصے اور عذاب کی حالت میں بھیجیں گے۔ نوٹ: غالباً یہ حدیث شیخ الحدیث مولانا زکریا صاحب نے اوجزالمسالک ج: ۶، ص: ۲۳۰/ پر لکھا ہے۔

    جواب نمبر: 160034

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:902-856/L=8/1439

    اس طرح کی روایت اللآلی المصنوعہ میں ہے جس کے متعلق علامہ سیوطی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: یہ حدیث موضوع ہے، اس میں کئی راوی مجہول ہیں، اور متہم بالکذب راوی اس میں جابان ہے (اللآلی المصنوعة: ۲/۲۲۶) قال السیوطی: موضوع، فیہ مجاہیل،والمتہم بہ جابان۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند