• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 150300

    عنوان: کیا اسلام میں گوشت کھانا ضروری ہے ؟

    سوال: میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ کیا اسلام میں گوشت کھانا ضروری ہے ؟ مجھے گوشت بہت زیادہ پسند نہیں ہے ، اس لئے میں گوشت نہیں کھاتا، ایسا بھی نہیں کہ بالکل ہی نہیں کھاتا، کبھی کبھار کھا بھی لیتا ہوں لیکن شوق سے نہیں، ایک صاحب نے مجھ سے کہا کہ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث ہے کہ اگر کوئی انسان 40دن تک گوشت نہ کھائے تو اس کی عقل میں کمی ہوجاتی ہے ۔ کیا یہ بات صحیح ہے ؟

    جواب نمبر: 150300

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 960-1220/L=10/1438

    آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو گوشت کھانا پسند تھا اور بہت سے فضائل وفوائد احادیث میں گوشت کھانے کے تعلق سے مذکور ہیں؛ البتہ گوشت کی کثرت بھی مضر ہے، اس لیے حسب ضرورت وقفہ وقفہ سے گوشت استعمال کرنا چاہیے، جہاں تک سوال میں مذکور حدیث کا تعلق ہے تو یہ حدیث مجھے نہیں مل سکی؛ البتہ صاحب فیض القدیر نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کا یہ قول نقل کیا ہے کہ ”جس نے چالیس دن تک گوشت کھانا چھوڑدیا اس کے اخلاق برے ہوجاتے ہیں اور جو چالیس دن مواظبت کے ساتھ کھائے اس کا دل سخت ہوجاتا ہے، قال الغزالي: وینبغي أن لا یواظب علی أکل اللحم قال علي کرم اللہ وجہہ: من ترک اللحم أربعین یومًا ساء خلقہ ومن داوم علیہ أربعین یومًا قسا قلبہ․ (فیض القدیر: ۴/ ۱۲۴)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند