• معاشرت >> ماکولات ومشروبات

    سوال نمبر: 608605

    عنوان:

    اتھائل الکوحل کو جس بسکٹ پر چھڑکا گیا اس کا کھانا کیسا ہے؟

    سوال:

    سوال : میں اٹلی (Italy) میں رہتا ہوں۔ یہاں جو بریڈ ملتی ہے اس میں اتھائل الکحل ہوتا ہے (treated with ethyl alcohol ) جو اس لئے چھڑکا جاتا ہے تاکہ برید میں فنگس نہ لگے اور خراب نہ ہو۔ کیا ایسی بریڈ کھا نا جائز ہے ؟

    جواب نمبر: 608605

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 726-513/H=05/1443

     اگر اتھائل الکوحل انگور کشمش کھجور چھوہارہ سے بنایا گیا ہو یا اشربہٴ محرمہ کی اس میں آمیزش ہوتی ہو تب تو یہ الکوحل بھی حرام ہے اور جس بریڈ (بسکٹ وغیرہ) پر اسے چھڑکا گیا اُس کا کھانا بھی حرام ہے باقی آج کل عامةً جو الکوحل استعمال کیا جاتا ہے وہ اشربہٴ محرمہ میں سے نہیں ہوتا؛ بلکہ زیادہ تر دوسری چیزوں سے بنا ہوا الکوحل استعمال ہوتا ہے جیسا کہ حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب مدظلہ العالی نے تکملہ فتح الملہم: 7/349، میں تحقیق فرماکر لکھا ہے، پس ان کی صراحت کے بموجب مذکورہ فی السوال بریڈ کے استعمال کی گنجائش ہے؛ البتہ از راہِ تقویٰ اُس سے بچے تو اس کے مستحسن ہونے میں شبہ نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند