• معاشرت >> ماکولات ومشروبات

    سوال نمبر: 57462

    عنوان: حلال جانور کون کون سے ہیں؟

    سوال: حلال جانور کون کون سے ہیں؟ ہم ان کوکیسے پہچان سکتے ہیں؟

    جواب نمبر: 57462

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 465-494/N=6/1436-U

    احناف کے نزدیک دریائی جانوروں میں صرف مچھلی حلال ہے، باقی کوئی جانور حلال نہیں، اور مچھلیوں میں بھی جو مچھلی طبعی موت مرکر پانی میں الٹی تیرنے لگے وہ بھی جائز نہیں، اور خشکی کے جانوروں میں جو جانور یا پرندے دانت یا بنجوں سے شکار کرتے ہیں جیسے: شیر، چیتا، بھیڑای، لومڑی، ریچھ، گیدڑ، بجّو، بندر، ہاتھی، بلی شکرہ، باز ارو گدھ وغیرہ یا ان کی غذا صرف گندگی اور مردار وغیرہ ہو جیسے سور اور کتا وغیرہ یا ان میں خون بالکل نہیں ہوتا جیسے: بھڑ، مکھی، مکڑی اور بچھو وغیرہ یا ان میں بہنے والا خون نہیں ہوتا جیسے: سانپ، چھپکلی، گرگٹ، نیولا، تمام زمین کے اندر رہنے والے جانور اور کیڑے مکوڑے، حرام ہیں، ا لبتہ ٹڈی میں خون نہیں ہوتا، پھر بھی وہ حلال ہے، باقی دیگر سب جانور حلال ہیں، جیسے: اونٹ، بھینس، گائے، بکرا، بکری، بھیڑ، دنبہ، ہرن، نیل گائے، بطخ، مرغابی، کبوتر، طوطا، مینا، فاختہ اور بٹیر وغیرہ (بدائع الصنائع۴: ۱۴۴-۱۵۳، مطبوعہ مکتبہ زکریا دیوبند، فتاوی عالمگیری ۵: ۲۸۹ مطبوعہ مکتبہ زکریا دیوبند، رد المحتار ۹: ۴۴۱- ۴۴۵ مطبوعہ مکتبہ زکریا دیوبند اور بہشتی زیور مدلل ۳: ۶۰، مطبوعہ کتب خانہ اختری متصل مظاہر علوم سہارن پور)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند