• معاشرت >> ماکولات ومشروبات

    سوال نمبر: 147159

    عنوان: كھڑے ہوكر كھانے والی دعوت میں شركت؟

    سوال: آج کل شادی بارات میں زیادہ تر کھانے کی دعوت اسٹینڈنگ ہو رہی ہے جس میں کھڑے ہوکر کھانا پڑتا ہے ، کچھ جگہ کرسی بھی رکھ دیتے ہیں، ایسی دعوت میں جانا شریعت کی روشنی میں کیسا ہے؟

    جواب نمبر: 147159

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 329-281/H=4/1438

     

    حضرت نبی اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نیز حضراتِ صحابہٴ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین اور حضرات اکابر وصلحائے امت کا معمول مبارک اورعادتِ شریفہ بیٹھ کر دسترخوان بچھاکر اس پر کھانا رکھ کر کھانا کھانے کا رہا ہے، بلکہ اب تک ہے آج کل مسلمانوں میں جو اسٹینڈنگ (کھانا کھڑے کھڑے ہوکر کھانے کا) رواج چل پڑا ہے یہ مکروہ ہے، مسلم شریف میں ہے: عن النبي صلی اللہ علیہ وسلم نہی أن یشرب الرجل قائمًا قال قتادة فقلنا فالأکل فقال ذاک أشر وأخبث (کتاب الأشربة في باب کراہیة الشرب قائمًا ج۲ص۱۷۳) پس شادی وغیرہ جیسی تقریبات کہ جن میں پورا انتظام کھڑے ہوکر کھانے کھلانے کا ہو اور چند کرسیاں رکھ دیتے ہوں ان میں شرکت سے اجتناب ہی کرنا چاہیے اور حکمت وبصیرت سے اس رواج کو بدل کر بیٹھ کر کھانا کھلانے کے انتظام کرنے پر مسلمانوں کو آمادہ کرنا چاہیے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند