معاشرت >> تعلیم و تربیت
سوال نمبر: 605049
اسلام کی بنیادی تعلیمات پر مشتمل نصاب كی رہنمائی فرمائیں
ہم نے بہت سارے علمائے کرام سے سنا ہے کہ اسلام کی بنیادی تعلیم حاصل کرنا فرض ہے،تو جس طرح آپ کے ادارے میں درس نظامی کے لیے بنیادی نصاب موجود ہے، اسی طرح عام لوگوں کے لیے بھی کچھ کتابوں کے نام بتائیں جن میں مطلوبہ بنیادی تعلیم موجود ہو۔ میں نے سنا ہے کہ شیخ الاسلام حضرت مفتی تقی عثمانی نے کچھ کتابیں بتائی ہیں، جیسے کہ معارف القرآن، معارف الحدیث، بہشتی زیور، حیات المسلمین، اسوہ رسول اکرم (صلی اللہ علیہ وسلم ) ،،، کیا عام لوگ یہ کتابیں خود سے پڑھ سکتے ہیں؟ یا ان کو یہ کتابیں کسی مکتب میں جاکر کسی عالم دین کی نگرانی میں پڑھنا چاہئے؟براہ کرم، اکابر علمائے دیوبند کی لکھی اردو کتابیں شیئر کریں جن سے اسلام می بنیادی تعلیم حاصل کرسکتے ہیں؟
جواب نمبر: 605049
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa:856-579/sn=11/1442
”اصلاحی نصاب“ حضرت اقدس تھانوی کی بعض مختصر ؛ لیکن اہم کتابوں کا مجموعہ ہے ، آپ اسے حاصل کرکے ، اچھی طرح اس کا خود بھی مطالعہ کریں نیز گھر میں بھی اسے پڑھنے کا سلسلہ شروع کریں اور اسی کے مطابق اپنی روز مرہ کی زندگی گزاریں، اس کتاب میں ایک مسلمان کو کس طر زندگی گزارنا چاہیے،؟ اس کا عقیدہ کیا ہونا چاہیے ؟ دوسروں کے ساتھ اس کا رویہ کیا ہونا چاہیے ؟ ان امور کی بہترین تفصیل موجود ہے ۔اسوہ رسول اکرم مؤلفہ ڈاکٹر عبد الحی عارفی صاحب نیز معارف القرآن بھی بہت مفید کتابیں ہیں، انھیں بھی مطالعہ میں رکھیں؛ البتہ کسی اچھے عالم سے اپنا رابطہ ضرور رکھیں، جہاں کہیں تشنگی محسوس ہو، ان سے ذکر کرکے سمجھ لیں ۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند