• معاشرت >> تعلیم و تربیت

    سوال نمبر: 603230

    عنوان:

    میں عالم بننا چاہتا ہوں‏، رہنمائی فرمائیں

    سوال:

    میری عمر اکیس سال ہے ۔ جب میں پندرہ سال کا تھا تو میں حفظ کر رہا تھا۔ پہلا اور تیسواں پارہ تقریباً حفظ کرلیا تھا، پھر میں نے مدرسہ چھوڑ دیا اور اب میں مستقل نوکری کرتا ہوں۔ میرے اندر اب دوبارہ حفظ کرنے کا جذبہ ہے بلکہ میں مکمل عالم بننا چاہتا ہوں۔ میں نے کوشش بھی کی ہے کہ گھر میں بیٹھے بیٹھے فارغ اوقات میں قران شریف حفظ کرلوں لیکن تھوڑے دنوں میں یہ عادت چھوٹ گئی۔ آپ بتائیں کہ کیا کوئی ایسا طریقہ ہے جس میں آن لائن عالمیت کرسکوں یا اپنی نوکری چھوڑے بغیر دینی تعلیم حاصل کرسکوں۔ آپ کو جو بھی میرے لیے مناسب لگتا ہے وہ تجویز کریں اور دعا بھی کریں کہ اللہ مجھے دنیا و آخرت دونوں جہانوں میں کامیاب کردے ۔ آمین۔

    جواب نمبر: 603230

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 611-476/L=08/1442

     علم حاصل کرنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی؛ اس لیے آپ اس عمر میں بھی حفظ کرسکتے ہیں اور عالم بن سکتے ہیں، اور نوکری کے ساتھ ساتھ بھی علم دین کو حاصل کیا جاسکتا ہے، آپ خارج میں کوئی وقت نکال کر قریب میں کوئی مدرسہ ہوتو وہاں جاکر وہاں کے کسی مدرس سے بات کرلیں اور وہ جو بھی گھنٹہ دو گھنٹہ آپ کو وقت دیں اس کے مطابق وہاں جاکر علم حاصل کرتے رہیں، اور چھٹی کے دنوں میں کچھ زیادہ وقت دے دیا کریں، ان شاء اللہ اگر آپ محنت اور لگن سے علم حاصل کریں گے تو بعید نہیں کہ آپ بھی حافظ اور عالم بن جائیں گے، علم حاصل کرنے کا اصل طریقہ یہی ہے، آن لائن تعلیم حاصل کرنے کے چکر میں آپ نہ پڑیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند