• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 69980

    عنوان: بزنس اور امتحان میں کام یاب ہونے کی اچھی سی دعا؟

    سوال: میں ایکسپورٹ کا بزنس شرو ع کرنے جارہاہوں، غیر ممالک سے مشکل سے آرڈر ملتاہے اور ایکسپورٹ بزنس میں بھی مشکل سے کامیابی ملتی ہے، انٹر نیشنل مارکیٹ میں کامیاب ہونے کے لیے کوئی اچھی دعا بتائیں، میں صرف جائز سامان بیچوں گا ۔ دوسرا سوال یہ ہے کہ میں دو سال سے کسی اچھے ایم بی اے کالج میں داخلہ لینا چاہتاہوں ، مگر داخلہ نہیں ہورہاہے، میں ایم بی اے کے لیے امتحان بھی دے رہاہوں، براہ کرم، امتحان میں پاس ہونے کے لیے دعا بتائیں۔

    جواب نمبر: 69980

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1235-1242/M37=01/1438

    (۱) ایکسپورٹ بزنس شروع کرنے جارہے ہیں تو اس کام کے ماہرین سے طریقہ کار کی جانکاری حاصل کرلیں اور انٹرنیشنل مارکیٹ میں کامیابی کے جو جائز اسباب و تدابیر ہیں ان کو اختیار کریں، جھوٹ، دھوکہ دہی، وعدہ خلافی اور کتمان عیب وغیرہ خلاف شرع امور سے بچیں، پنج وقتہ نمازوں کا اہتمام رکھیں اور ہر نماز کے بعد خیرو برکت کی دعا کریں، آیة الکرسی اور درود شریف پڑھا کریں۔

    (۲) امتحان میں کامیابی کے لیے محنت شرط ہے مقولہ ہے مَن جدّ وجد (جس نے محنت کی اس نے پالیا) متعلقہ کتابوں کا گہرائی سے مطالعہ کریں اہم اور ضروری مضامین کو یاد کریں، اس فن کے اساتذہ سے راہنمائی حاصل کریں، ناکامی کے اسباب پر غور کرکے ان سے بچنے کی پوری کوشش کریں اس کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ سے کامیابی کی دعا بھی مانگیں اور یہ دعا پڑھا کریں۔ حَسْبُنَا اللَّہُ وَنِعْمَ الْوَکِیلُ نِعْمَ الْمَوْلَی وَنِعْمَ النَّصِیرُ ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند