• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 69016

    عنوان: محنت کے باوجود رزلٹ اچھا نہیں ہوتا، کیا کرنا چاہیے؟

    سوال: میرے شوہر اپنی تعلیم میں ناکام ہورہے ہیں۔ ان کا امتحان اچھا ہوتا ہے لیکن ان کا رزلٹ اچھا نہیں ہوتاہے۔ وہ بہت محنت کرتے ہیں لیکن آخرمیں مایوسی ہاتھ آتی ہے۔ اس کی وجہ سے ہمارا تعلق بھی متاثر ہورہا ہے۔ براہ کرم بتائیں کہ میں کیا کروں۔ میں اپنے شوہر سے بہت زیادہ محبت کرتی ہوں۔ میں ان کوچھوڑنا نہیں چاہتی ہوں۔ میرا خیال ہے کہ ان کو نظر بد لگ گئی ہے۔ براہ کرم اس کا حل بتائیں۔

    جواب نمبر: 69016

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1027-1048/N=10/1437 آپ اپنے شوہر کو بتادیں کہ وہ امتحان میں اچھے نمبرات سے کام یابی کے لیے امتحان کی اچھی تیاری کے ساتھ دو کام مزید کریں ؛ ایک یہ کہ امتحان کے ایام میں روزانہ پابندی کے ساتھ یَا نَاصِرِ ۱۲۱/ مرتبہ معہ اول وآخر ۱۱، ۱۱/ مرتبہ درود شریف پڑھا کریں ، دوسرا یہ کہ امتحان کے لیے جاتے ہوئے راستہ میں سورہ الم نشرح پڑھتے ہوئے جائیں اور واپسی میں سورہ نصر پڑھتے ہوئے آئیں، انشاء اللہ اچھا رزلٹ آئے گا، اللہ تعالی آپ کے شوہر کو امتحانات میں اعلی نمبرات سے کام یاب فرمائیں ، آمین۔ اور اگر اس کے باوجود اللہ تعالی کا فیصلہ کچھ اور ہو تو ایمان والے کو خوش دلی سے اللہ تعالی کے فیصلہ پر راضی رہنا چاہئے ، اور آپ اپنے تعلقات ان کے ساتھ بہتر سے بہتر بنائے رکھیں اور ان سے تسلی کی باتیں کہہ کر انھیں نارمل کرنے کی کوشش کرتی رہا کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند